پی ایس ایل کے پروڈیوسرز اور براڈکاسٹرز ٹینڈر جاری کیے جا چکے ہیں،نجم سیٹھی،اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں اسپانسرشپ کیلئے ٹینڈر کا عمل شروع کیا جائے گا، چیئرمین پی ایس ایس گورننگ کونسل

جمعہ 25 ستمبر 2015 07:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25ستمبر۔2015ء)پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل کے پروڈیوسرز اور براڈکاسٹرز کیلئے پہلے ہی ٹینڈر جاری کیے جا چکے ہیں جس کے بعد اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں اسپانسرشپ کیلئے ٹینڈر کا عمل شروع کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ فرنچائرز کے مالکان کو نومبر کے وسط میں اس عمل کا حصہ بنایا جائے گا جس کے عبد غیر ملکی اور مقامی کھلاڑیوں کو ڈرافٹ کر کے ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔

واضح رہے کہ پی سی بی متحدہ عرب امارات میں لیگ کرانے کا خواہاں تھا لیکن ماسٹرز کرکٹ لیگ کے انعقاد کے سبب متحدہ عرب امارات میں گراوٴنڈ دستیاب نہ ہونے کے باعث پی سی بی نے لیگ کو قطر میں کرانے کا اعلان کیا۔تاہم ماسٹرز کرکٹ لیگ کی تاریخوں اور شیڈول میں ردوبدل کے بعد پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے حکام سے مشاورت کے بعد یو اے ای میں لیگ کے باقاعدہ انعقاد کا اعلان کیا جہاں 2009 سے پاکستان اپنی تمام ہوم سیریز کھیل رہا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی پہلی باقاعدہ ٹی ٹوئنٹی لیگ میں متعدد عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں نے شرکت پر رضامندی ظاہر کی ہے جس میں کیون پیٹرسن، کرس گیل، کیرون پولارڈ، آندرے رسل، ڈیوین براوو، لیوک رائٹ، انجلو میتھیوز، شکیب الحسن، لاستھ ملنگا اور سنیل نارائن شامل ہیں۔پی ایس ایل کے پہلی ایڈیشن کیلئے پانچ ٹیمیں کوئٹہ، لاہور، کراچی، پشاور اور اسلام آباد مدمقابل ہوں گی جہاں تمام ٹیمیں دنیا کے بہترین ٹی ٹوئنٹی ٹیموں پر مشتمل ہوں گی کیونکہ اب تک دنیا کے 132 کھلاڑی لیگ میں شرکت کرنے کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں۔نجم سیٹھی نے کہا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب ڈرافٹ کے عمل کے ذریعے دسمبر میں کیا جائے گا جبکہ بہترین کوچز کے گروپ میں سے بھی فرنچائز مالکان اپنی مرضی کے کوچز کا چناوٴ کر سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :