کراچی ،عیدقربان پرجانوروں کو ذبحہ کرنے والے قصائیوں نے اپنی اجرت بڑھادی ،مختلف وزن کی گائے، بچھڑے،بیل کی قربانی کیلئے5ہزار سے12ہزار روپے تک طلب کرنا شروع کر دئیے

جمعہ 25 ستمبر 2015 07:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25ستمبر۔2015ء )عیدقربان پرجانوروں کو ذبحہ کرنے والے قصائیوں نے اپنی اجرت بڑھادی ہے اورمختلف وزن کے گائے، بچھڑے، بیل کی قربانی کیلئے5ہزار سے12ہزار روپے تک طلب کئے جارہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق رواں سال عید قرباں پر جانوروں کی قربانی کیلئے قصائیوں نے ریٹ بڑھا دیئے ہیں۔سال بہ سال کام کرنے والے تربیت یافتہ قصائیوں نے عید کے پہلے دن بھاری جانور کیلئے 12ہزار روپے طلب کئے ہیں جبکہ جبکہ درمیانے اور چھوٹے بچھڑے اور گائے کیلئے 5سے8ہزار روپے تک طلب کئے جارہے ہیں۔

البتہ غیرتربیت یافتہ قصائی ایک درمیانے گائے یا بچھڑے کے 4سے5ہزار روپے تک طلب کررہے ہیں۔عید کے پہلے روز بکرے کو ذبحہ کرنے کیلئے 3ہزار سے ساڑھے تین ہزار روپے تک اجرت مانگی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

مختلف علاقوں میں نرخ میں کمی وبیشی بھی کر دی جاتی ہے۔گلشن اقبال،کلفٹن،ڈیفنس،پی ای سی ایچ ایس ،فیڈرل بی ایریا،نارتھ ناظم آباد میں قصائیوں کے ریٹ بہت زیادہ ہیں جبکہ لیاقت آباد، گولیمار، کورنگی،لانڈھی،رنچھوڑ لائن،کیماڑی،ملیر ، نارتھ کراچی اور دیگر علاقوں میں قصائیوں کی اجرت نسبتاً کم ہے۔

قربانی کیلئے استعمال ہونے والے سامان کی قیمتیں بھی اس سال گزشتہ عیدالاضحیٰ کی نسبت زیادہ ہیں،مذکورہ سامان سڑکوں پر پتھارے لگا کر فروخت کیا جاتا رہا۔لکڑی کی مڈی ،لوہے کی انگیٹھیاں،گرل،چٹائیاں، ٹوکریاں،پلاسٹک کی تھیلیاں مہنگے داموں فروخت کی جاتی رہیں اسی طرح چھریوں اور بغدوں پر دھار لگانے والے کاریگروں نے بھی اپنی اجرت 15سے25فیصد بڑھا دی،مختلف سائز کی چھریوں کو دھار لگانے کی اجرت200سے350روپے طلب کی گئی لیکن جمعرات اور جمعہ کی درمیان شب چھریوں کو دھار لگانے کی لئے مزید 100روپے اوپر طلب کئے گئے اسی طرح بغدے 600روپے سے700روپے میں دھار لگائی گئی۔گھروں میں استعمال ہونے والی چھوٹی چھریاں بھی تیز کرالی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :