کراچی ، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کا دو ماہ کے دوران 113ایف آئی آر کا اندراج ،کرپشن اور خردبرد میں ملوث 92اہلکار گرفتار ، 72مختلف مقدمات میں عدالتوں میں چالان پیش

جمعہ 25 ستمبر 2015 07:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25ستمبر۔2015ء ) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ(اے سی ای) نے گذشتہ دو ماہ کے دوران 113ایف آئی آر کا اندراج کیا اور کرپشن اور خردبرد میں ملوث 92اہلکاروں کو گرفتار کیا اور 72مختلف مقدمات میں عدالتوں میں چالان پیش کئے۔ یہ بات چیئرمین اے سی ای سید ممتاز علی شاہ نے جمعرات کے روز وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ 113ایف آئی آر میں سے 13کراچی، 18حیدرآباد، 11جامشورو،9میرپورخاص، ایک شہید بینظیر آباد،32سکھر اور 29لاڑکانہ میں درج ہوئیں۔اسی طرح 12اہلکار کراچی، 18حیدرآباد، 7جامشورو،5میرپورخاص، 37سکھر اور 13لاڑکانہ میں گرفتار کئے گئے۔وزیراعلیٰ سندھ نے اے سی ای کے چیئرمین کو ہدایت کی کہ وہ عید کے بعد اے سی سی ون کے اجلاس کے انعقاد کا اہتمام کریں تاکہ محکمہ بلدیات، آبپاشی،صحت اور تعلیم کے 70زیر التواء مقدمات سے متعلق فیصلہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اے سی سی -1کا اجلاس چیف سیکریٹری کی زیر صدارت میں منعقد ہوتا ہے۔سید ممتاز علی شاہ نے کہا کہ اگست میں اے سی سی-1کے تین اجلاس منعقد ہوئے جس میں 190کیسز کا جائزہ لیا گیا اور 34درج ایف آئی آر کی روشنی میں ضروری منظوری دی گئی۔ 110انکوائریز کو اوپن کیا گیا، جبکہ 56کیسز میں ری انکوائری کے احکامات دیئے گئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے چیئرمین اے سی ای سے کہا کہ کرپشن سے متعلق کیسز کی تکمیل کے بعد مختلف محکموں میں گھوسٹ ملازمین کے خاتمے کیلئے کام کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :