کے پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت ایک میگاواٹ بجلی کا اضافہ بھی نہیں کر سکی:ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری،قائداعظم سولر پارک پر تنقید کرکے پی ٹی آئی کے رہنما 54 ہزار گھرانوں سے دشمنی کررہے ہیں،پی ٹی آئی ملکی ترقی کے منصوبوں پر تنقید کرکے عوام کو گمراہ کررہی ہیں، عوام ان کے چہرے پہچان چکے ہیں

جمعہ 25 ستمبر 2015 07:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25ستمبر۔2015ء)پنجاب حکومت کے ترجمان و مسلم لیگ(ن) کے رہنما سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت گزشتہ اڑھائی سال میں ایک میگاواٹ بجلی کا اضافہ نہیں کر سکی۔قائداعظم سولر پارک پر تنقید کرکے پی ٹی آئی کے رہنما 54 ہزار گھرانوں سے دشمنی کررہے ہیں جن کو اس منصوبے سے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔

زعیم قادری نے جہانگیرترین کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کے دعویداروں نے توانائی کے بحران کے حل کے لئے زبانی جمع تفریق کے علاوہ کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا۔پنجاب حکومت پر الزامات لگانے والے کے پی کے میں اپنی کارکردگی کا جائزہ لیں۔انہوں نے کہاکہ تبدیلی کے دعویداروں کا چہرہ عوام پہچان چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ قائداعظم سولرپارک پاکستان کی تاریخ کا واحد منصوبہ ہے جس سے اگلے برسوں میں ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت صوبے میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے متعدد منصوبوں پر کام کررہی ہے جن میں سے بیشتر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما ملکی ترقی کے منصوبوں پر بے جا تنقید کرکے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے دعویدارنہیں چاہتے کہ ملک ترقی وخوشحالی کی راہ پرگامزن ہو اور عوام کے حالات کار میں بہتری آئے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمد شہبازشریف کی قیادت میں حکومت پنجاب تمام ترقیاتی منصوبے شفافیت سے مکمل کررہی ہے جو اپنی مثال آپ ہیں۔