”تہانوں میں خود انصاف دلاساں“،شہبازشریف کی مظفرگڑھ میں خود سوزی کرنے والی سونیا کے والدین کو یقین دہانی

جمعرات 15 اکتوبر 2015 09:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15اکتوبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف گزشتہ روز مظفرگڑھ کی نواحی بستی دین پورہ میں انصاف نہ ملنے پر خود سوزی کرنے والی خاتون سونیا کے گھر گئے۔وزیراعلیٰ نے متوفیہ سونیا کے والد اوروالدہ سے واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں اور والدہ کے سر پرہاتھ رکھ کر انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ”تہانوں میں خود انصاف دلاساں“ ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ڈی پی او مظفرگڑھ سے استفسار کیا کہ کیا یہ آپ کی ذمہ داری نہیں تھی کہ متعلقہ ماتحت تھانوں میں پولیس افسروں اوراہلکاروں کی کارکردگی کا جائزہ لیں؟ اگر پولیس کا نظام درست کام کررہا ہوتا تو ایک بے گناہ کو مجبوراً یہ انتہائی اقدام نہ اٹھانا پڑتا۔ تھانوں میں عام آدمی کی شنوائی ہونی چاہیے نہ کہ وہ حصول انصاف کیلئے دربدرپھریں۔ وزیراعلیٰ نے متوفیہ سونیا کی والدہ کو اپنا موبائل نمبر بھی لکھ کر دیا اور کہاکہ انصاف کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیراعلیٰ ملتان سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے مظفرگڑھ گئے جہاں سے عام گاڑی میں بیٹھ کر بستی دین پورہ میں سونیا کی رہائش گاہ پر پہنچے۔