ہالا میں لرزہ خیز واقعہ، ماں اور اپنی زندگی بچانے کے لیئے دومعصوم بھائیوں نے مبینہ طور نشہ آور بڑے بھائی کو چارپائی کی لکڑی سے مارکر لاش کمرے میں بندکردی،پولیس نے مقتول کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی ، اعتراف جرم کرتے ہوئے دوبھائیوں نے گرفتاری پیش کردی

جمعرات 15 اکتوبر 2015 09:12

مٹیاری (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15اکتوبر۔2015ء) ہالا میں لرزہ خیز واقعہ، ماں اور اپنی زندگی بچانے کے لیئے دومعصوم بھائیوں نے مبینہ طور نشہ آور بڑے بھائی کو چارپائی کی لکڑی سے مارکر لاش کمرے میں بندکردی، اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقتول کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی ہے ، اعتراف جرم کرتے ہوئے دوبھائیوں نے گرفتاری پیش کردی ۔

تفصیلات کے مطابق ہالا میں جیجل ماں اور اپنی زندگی بچانے کے لیئے دومعصوم بھائیوں 10سالہ ثناء اللہ اور12سالہ سمیع اللہ نے مبینہ طور نشہ آوربڑے بھائی نجیب اللہ ولد مرحوم نبی بخش ارباب کو چارپائی کی لکڑی کے پایہ سے مار ڈالااور لاش کو کمرے میں بند کردیا ،بدبوء کی وجہ سے اہل علاقہ کی اطلاع پردودن کے بعدہالا پولیس نے مکان میں داخل ہوکر لاش کو تحویل میں لیا۔

(جاری ہے)

اس دوران مقتول کے دومعصوم بھائیوں میں ثنا ء اللہ، سمیع اللہ نے پولیس کو گرفتاری پیش کردی، جنہیں ہالا تھانے منتقل کردیا گیا جہاں دونوں معصوم بچوں نے میڈیا کو بتایا کہ ہمارا مقتول بھائی شراب نوشی کرتے ہوئے ماں اور ہمیں مختلف اوقات میں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا تھا۔اس نے کئی بارتشدد بھی کیاجس کی بااثر شخصیات کو شکایات کی لیکن کسی نے داد فریاد نہ سنی،آخر کار تین روز قبل اس نے ہمیں مارنے کی کوشش کی جس پر ہم نے مجبور ہوکر چارپائی کی لکڑی کے پایہ سے اسے مار ڈالا اور لاش کو کمرے میں بند کردیا۔آخری اطلاعات تک ہالاتھانے پر واقعہ کا کوئی مقدمہ درج نہ ہوسکاتھا ۔

متعلقہ عنوان :