پریکٹس میچ ، پاکستان نے نیپال کو 121 رنز سے شکست دیدی ، 327 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپالی ٹیم 205 رنز بناسکی،پاکستان کی طرف سے اظہر علی 73، شعیب ملک 63 اور محمد حفیظ 49 رنز کیساتھ نمایاں رہے

پیر 9 نومبر 2015 08:57

ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9نومبر۔2015ء) پاکستان نے نیپال کو متحدہ عرب امارات کے شہر ابو ظہبی میں کھیلے گئے پریکٹس میچ میں 121 رنز سے شکست دیدی۔ تفصیلات کے مطابق نیپال نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ گرین شرٹس کی جانب سے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور نیپال کو جیت کے لیے 327 رنز کا ہدف دے دیا۔پاکستان کی جانب سے اظہر علی 73، شعیب ملک 63 اور محمد حفیظ 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

نیپال کی جانب سے بسنت ریگمی نے دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

(جاری ہے)

جواب میں نیپالی ٹیم اپنے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بناسکی۔ نیپال کی جانب سے انیل مندال 61 جبکہ گایندرا مالا 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ گرین شرٹس کی جانب سے انور علی دو جبکہ یاسر شاہ، وہاب ریاض اور احمد شہزاد ایک، ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ خیال رہے کہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز شروع ہونے سے قبل یہ پاکستان کا واحد پریکٹس میچ تھا۔ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان چار میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز کا آغاز گیارہ نومبر سے ہورہا ہے جس کے بعد تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔پاکستان ٹیسٹ سیریز میں پہلے ہی انگلینڈ کو دو-صفر سے شکست دے چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :