حکومت نے اڑھائی سال میں 60سال جتنی بجلی کی پیداوار کے منصوبے شروع کیے، پرویز رشید، 2018تک ملک سے لوڈ شیڈنگ، دہشت گردی سمیت بڑے مسائل کا خاتمہ کر دیا جائے گا،وفاقی وزیر اطلاعات

اتوار 6 دسمبر 2015 09:56

گجرات(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6دسمبر۔2015ء)وفاقی وزیر اطلاعا ت و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان میں جتنی بجلی 60سال میں پیدا ہوئی موجودہ حکومت نے اڑھائی سال میں اتنی بجلی کی پیداوار کیلئے منصوبے شروع کر دیے ہیں، 2018تک ملک سے لوڈ شیڈنگ، دہشت گردی سمیت بڑے مسائل کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھاریاں میں المدثر ٹرسٹ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ایم پی اے چوہدری شبیر احمد بھی انکے ہمراہ تھے۔

۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ حکومت کی موثر پالیسوں کی وجہ سے پاکستان کی معیشت بہتر ی کی جانب گامز ن ہے اور تمام عالمی ادارے اسکی تصدیق کر رہے ہیں ملک میں مہنگائی کی شرح کم ترین سطح پر ہے اور تاریخ میں پہلی بار زر مبادلہ کے ذخائر 20ارب ڈالر تک پہنچے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ دور میں تمام پراجیکٹ انوسٹمنٹ کی شکل میں لگ رہے ہیں جبکہ اکنامک کوریڈور کی تعمیر سے پاکستان معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا اور اس منصوبے کا فائدہ جنوبی ایشا کے دو ارب انسانوں کو ہوگا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان اڑھائی سال سے حکومت کے خلاف ہر روز نیا جھوٹ بولتے ہیں، انکی طرف سے کھڑی کی گئی رکاوٹوں کے باوجود مسلم لیگ ن کی حکومت نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چےئرمین نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں دس کروڑ نئے درخت لگائے گئے ہیں اتنی صوبہ میں جھاڑیاں نہیں جتنے درخت لگانے کا وہ دعویٰ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے لندن کے سرکاری دورہ کے موقع پر جو بھی ملاقاتیں کیں وہ سب میڈیا کے سامنے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 2013کے مقابلے میں موجودہ پاکستان کہیں مضبوط ہے بھاگتے ہوئے دہشت گرد خود کو زندہ ظاہر کرنے کے لئے اکا دکا کاروائیاں کرتے ہیں کامیاب آپریشن ضرب عضب نے انکی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ انہو ں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت میڈیا ہاؤسز کو بھرپور تحفظ فراہم کرے گی اس مقصد کے لئے صوبائی حکومتوں کو ہدایات بھی جار ی کر دی گئی ہیں