متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سمیت پارٹی کے 20 رہنماوٴں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری

بدھ 23 دسمبر 2015 09:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23دسمبر۔2015ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے روٴف صدیقی کے خلاف 9 مقدمات میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سمیت پارٹی کے 20 رہنماوٴں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج بشیر احمد کھوسو نے روٴف صدیقی کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر اور اس کی معاونت کے الزامات کے تحت 23 مقدمات کی سماعت کی، سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے 9 مقدمات کا چالان پیش کیا، جس میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین، ڈاکٹر فاروق ستار، وسیم اختر، قمر منصور، رشید گوڈیل، خوش بخت شجاعت اور خالد مقبول صدیقی سمیت پارٹی کے رہنماوٴں اور کارکنوں کو مفرور قرار دیا گیا۔

عدالت نے چالان کی رو سے مفرور قرار دیئے گئے ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 2 جنوری تک کے لئے ملتوی کردی۔واضح رہے کہ روٴف صدیقی کے خلاف شہر بھر کے مختلف تھانوں میں اشتعال انگیز تقاریر اور اس کی معاونت کے الزام میں 23 مقدمات درج ہیں اور انہوں نے ان تمام مقدمات میں عبوری ضمانت لے رکھی ہے۔