تحریک انصاف کی ڈاکٹر مہر تاج روغانی خیبر پختونخوا اسمبلی کی پہلی ڈپٹی اسپیکر منتخب ہو گئیں

بدھ 23 دسمبر 2015 09:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23دسمبر۔2015ء)تحریک انصاف کی ڈاکٹر مہر تاج روغانی خیبر پختونخوا اسمبلی کی پہلی ڈپٹی اسپیکر منتخب ہو گئیں۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر کیلئے تحریک انصاف کی مہر تاج روغانی اور مسلم لیگ ن کے ارباب اکبر حیات کے درمیان مقابلہ ہوا۔ڈپٹی اسپیکرکاعہدہ گزشتہ سال اکتوبرمیں امتیازشاہدقریشی کووزیرقانون بنائے جانے سے خالی ہواتھا پی ٹی آئی کی امیدوار77 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائیں۔

ان کے مخالف امیدوار کو 37ووٹ ملے۔

(جاری ہے)

ووٹوں کی گنتی کے بعد مہر تاج روغانی نے خیبر پختونخوا اسمبلی کی پہلی خاتون ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا۔یاد رہے کہ اس سے پہلے ووٹنگ کے دوران پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے دکھا کر ووٹ کاسٹ کرنے پر اپوزیشن ارکان سراپا احتجا ج بن گئے، شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ احتجاج کے باعث پولنگ بھی روکنا پڑی۔ اسپیکر کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ووٹ کینسل کرنے کی تنبیہہ کے بعد ووٹنگ کا عمل دوبارہ شروع ہوا۔ بیلٹ پیپر پولنگ ایجنٹ کو دکھانے پر قومی وطن پارٹی کے رکن اسمبلی بخت بیدار کا ووٹ بھی منسوخ کر دیا گیا۔