بھارت ، بی ایس ایف کا چارٹرڈ طیارہ تباہ ،فوجی افسران سمیت10افراد ہلاک ،طیارہ گاندھی ایئرپورٹ کے قریب دیوار سے ٹکرا کر تباہ ہو ا،10افراد سوار تھے، بھارتی میڈیا

بدھ 23 دسمبر 2015 09:41

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23دسمبر۔2015ء) بھارت کی سرحدی سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کا چارٹرڈ طیارہ نئی دہلی کے اندرا گاندھی ایئرپورٹ کے قریب یوار سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا،جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے،تمام افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ، ہلاک ہونیوالوں میں اہم فوجی افسران بھی شامل ہیں ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بارڈر سیکیورٹی فورسز کا چارٹرڈ سپر کنگ طیارہ ریاست جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی جارہا تھا کہ نئی دلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب گاوٴں بڈپولا میں ایک دیوار سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا۔

نئی دہلی کے جوائنٹ کمشنر آف پولیس دیپیندر پاتھک کے مطابق طیارے میں 10 افراد سوار تھے جو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ہلاک ہونیوالوں میں اہم فوجی افسران بھی شامل ہیں ، ہلاک ہونیوالے تمام افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جو بری طرح جھلسی ہوئی تھیں ۔

(جاری ہے)

تاہم ابھی تک ہلاک شدگان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ۔پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق حادثہ صبح 9 بجکر 50 منٹ پر اْس وقت پیش آیا جب جہاز میں سوار ٹیکنیشنز کا گراوٴنڈ کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

عینی شاہدین کے مطابق جہاز ایک دیوار سے ٹکرایا اور اس میں آگ لگ گئی،حادثے کے بعد فائر انجن اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع کی طرف روانہ ہوگئیں۔ اس طرح کے ایئرکرافٹ اعلیٰ سرکاری عہدیداروں اور وزراء کے زیر استعمال ہوتے ہیں، جبکہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں سینیئر ٹیکنیشنز سوار تھے، جو ایک ہیلی کاپٹر کی مرمت کے لیے رانچی جارہے تھے۔واقعے کے بعد وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کی جائیں گی۔تاہم فی الحال حادثے کی وجوہات کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا ۔

متعلقہ عنوان :