ناکام بغاوت کے بعد ترکی میں ایک بار پھر ہزاروں ملازمین کو نوکری سے نکال دیا گیا

بدھ 8 فروری 2017 15:25

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9فروری۔2017ء)ترک حکومت نے ناکام بغاوت کے تقریباً سات مہینے بعد ایک بار پھر ہزاروں سرکاری ملازمین کو نوکری سے نکال دیا ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر رجب طیب ایردوآن کی طرف سے جاری ہونے والے فرمان کا اطلاق چار ہزار چار سو چونسٹھ ملازمین پر ہو گا۔

(جاری ہے)

برطرف کیے جانے والوں میں زیادہ تعداد وزارتِ تعلیم کے ملازمین کی ہے تاہم اِن میں پولیس کے ارکان کے ساتھ ساتھ سرکاری ٹیلی وڑن چینل ٹی آر ٹی کے ملازمین بھی شامل ہیں۔

انقرہ حکومت ناکام بغاوت کے بعد سے اب تک ایک لاکھ سے زائد ملازمین کو برطرف کر چکی ہے جبکہ چالیس ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ایردوآن نے پندرہ جولائی 2016ء کی ناکام بغاوت کے بعد جلد ہی ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر دی تھی۔