چھتیس گڑھ کے شورش زدہ علاقے میں ما ئونواز باغیوں کے حملے میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے 11 اہلکارہلاک

ہفتہ 11 مارچ 2017 20:09

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مارچ ء)بھارت کی وسطی ریاست چھتیس گڑھ کے شورش زدہ علاقے سکما میں ما ئونواز باغیوں نے حملہ کرکے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے 11 اہلکاروں کو ہلاک جبکہ پانچ کو شدید زخمی کر دیا ۔ضلع بستر کے انچارج آئی جی سندر راج نے بتایا کہ سی آر پی ایف کی 219 ویں بٹالین کے جوان بھیجی تھانے کے علاقے کی جانب روانہ کیے گئے تھے جہاں وتتاچیرو کے پاس پہلے سے گھات میں بیٹھے مائونواز باغیوں نے ان پر حملہ کر دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مائونوازوں نے سڑک پر دھماکے کرنے کے بعد چوطرفہ حملہ کیا اور اس وجہ سے جوانوں کو سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا۔اس حملے میں 11 جوان موقع پر ہی ہلاک ہو گئے اور مائونواز ان کے ہتھیار بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

(جاری ہے)

تصادم میں شدید زخمی ہونے والے پانچ جوانوں کو رائے پور کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ریاست کے وزیر داخلہ رام سیوک پیرا نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں اضافی پولیس فورس کو روانہ کیا گیا ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔

وزیر اعظم مودی بھی نے سکما میں ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔انہوںنے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے سکما کے حالات پر نظر رکھی ہوئی ہے اور وہ سکما کا دورہ کرنے والے ہیں۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مارے جانے والے اہلکار ایک سڑک کی تعمیر پر مامور مزدوروں اور انجینئرز کو تحفظ فراہم کررہے تھے۔

متعلقہ عنوان :