بھارتی وزیراعظم مودی نے تحریک انصاف کے رہنما خورشید قصوری پر بھارتی ریاست گجرات کے انتخابات پر اثر انداز ہونے کا الزام

جمعرات 14 دسمبر 2017 21:56

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 14 دسمبر 2017ء) بھارتی وزیراعظم مودی نے تحریک انصاف کے رہنما خورشید قصوری پر بھارتی ریاست گجرات کے انتخابات پر اثر انداز ہونے کا الزام عائد کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق وزیر خارجہ اور تحریک انصاف کے رہنما خورشید محمود قصوری کی جانب سے پاک بھارت تعلقات کی بہتری کیلئے کام کرنے والے رہنماوں سے معمول کے مطابق ملاقاتیں کی جاتی رہتی ہیں۔

(جاری ہے)

اسی سلسلے میں خورشید محمود قصوری کی کچھ روز قبل بھارت میں ایک تقریب کے دوران کانگریس کے کچھ رہنماوں سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔ اب اس حوالے سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سنگین الزام عائد کیا ہے۔ مودی نے پاکستان پر بھارتی ریاست گجرات کے انتخابات پر اثر انداز ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ مودی نے خورشید محمود قصوری کی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے یہ الزام عائد کیا ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے بھارتی وزیراعظم کے اس الزام کی شدید مذمت کی گئی ہے۔