بلاول بھٹو 24سال بعد کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں والدہ بے نظیر بھٹو کی جگہ جیالوں سے مخاطب ہوں گے

تاریخی حیثیت کے حامل ملتان کے قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹڈیم میں سیاسی جلسوں کی تاریخ بھی کافی پرانی مادرملت فاطمہ جناح،ذوالفقار بھٹو،ضیاء الحق،شہید بے نظیر،نوازشریف ،عمران خان یہاں تاریخی جلسوں سے خطاب کرچکے 10اکتوبر 2014کو عمران خان کے بڑے جلسے میں بھگڈر مچنے سے 7افراد جاں بحق ہوئے

جمعرات 14 دسمبر 2017 22:58

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 14 دسمبر 2017ء)پیپلزپارٹی کل 15دسمبرکو ملتان کے قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹڈیم میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، تاریخی حیثیت کے حامل قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹڈیم میں بڑے سیاسی جلسوں کی تاریخ بھی کافی پرانی ہے، آئی این پی کے مطابق قیام پاکستان کے بعدمادرملت محترمہ فاطمہ جناح نے یہاں بطور صدارتی امیدوارجلسے سے خطاب کیا،ان کا جلسہ ملتان کی تاریخ میں اب تک کامیاب ترین جلسہ تصور کیا جاتا ہے،پیپلزپارٹی کے بانی قائد ذوالفقار علی بھٹوبھی یہاں کئی بار جلسوں سے خطاب کرچکے ہیں،اسی طرح جب ذوالفقار علی بھٹوکیخلاف تحریک چلی تواس دور میں بھی قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹڈیم میں نوستاروں پر مشتمل قومی اتحاد نے زبردست احتجاجی جلسہ کیا،سابق صدر ضیاء الحق نے ریفرنڈم کے موقع پر ملتان میں اسی مقام پر جلسہ کیا،سابق وزرائے اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید اور میاں نوازشریف نے انتخابی مہم کے سلسلے میں یہاں کئی بار تاریخی جلسے کئے ،2008کی انتخابی مہم کے موقع پر شہید محترمہ بے نظیربھٹو کا یہاں جلسہ طے تھا لیکن وہ چند روزقبل راولپنڈی دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہوگئیں،10اکتوبر 2014کو چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسی تاریخی گراونڈ میں بڑا جلسہ کیا جسے غیرجانبدار حلقوں کے مطابق ملتان میں تاریخ کا بڑا جلسہ کہا جاتا ہے،جلسے کے اختتام پر بھگڈر مچنے سے 7افراد جاں بحق جبکہ55افراد زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

ایک طویل عرصے بعد پیپلزپارٹی آج اسی اسٹڈیم میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی ،چئیرمین بلاول بھٹو زرداری 24سال بعد اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو اور والدہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی جگہ پیپلزپارٹی کے پرجوش جیالوں سے خطاب کریں گے، اس سے قبل 1993کی انتخابی مہم کے دوران شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے یہاں تاریخی جلسہ سے خطاب کیا تھا،پیپلزپارٹی رہنمائوں نے دعویٰ کیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا ملتان جلسہ ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دے گا۔