پیپلز پارٹی کا قصور واقعہ پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

آج قصور لٹا ہے ،ْشہباز شریف مزید اقتدار میں رہا تو کل پورا پنجاب لٹ جائے گا ،ْخورشید شاہ ،ْ چوہدری منظور

جمعرات 11 جنوری 2018 20:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 11 جنوری 2018ء)پاکستان پیپلز پارٹی نے قصور واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر قانون رانا ثناء اللہ فوری طورپر مستعفی ہو جائیں ،ْ آج قصور لٹا ہے ،ْشہباز شریف مزید اقتدار میں رہا تو کل پورا پنجاب لٹ جائے گا۔جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور رانا ثنا اللہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا کہ رائیونڈ میں مور مرنے پر ایس پی کو معطل کیا گیا،مور کا اتنا دکھ تھا تو اس معصوم ننھی جان کے بدلے وزیر اعلیٰ پنجاب کو استعفیٰ دینا چاہئے،قصور سانحہ پہلا نہیں ایسے واقعات مسلسل وہاں ہو رہے ہیں،قصور سانحہ درندگی کی انتہا اور حکومت پنجاب کی ناکامی ہے۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت وقت ایسے واقعات کی روک تھام میں ناکام رہی ہے،ملزموں کی گرفتاری نہ ہوئی تو یہ حکومت کی بہت بڑی ناکامی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین پر فائرنگ افسوسناک عمل ہے،مظاہرین پر فائرنگ کر کے سانحہ ماڈل ٹاون کو دہرایا گیا ہے، پنجاب حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاون سے سبق سیکھنے کی بجائے اسے دہرایا،حکومت کا کام لوگوں پر گولی چلانا نہیں بلکہ تحفظ فراہم کرنا ہے، اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے بے گناہ لوگوں پر گولی چلانا حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ نواز شریف کی باتوں کے پیچھے انکی سوچ اور دوست ہیں، نواز شریف کی باتوں کا مقصد کچھ اور ہے،نواز شریف کا مقصد اداروں کی ساکھ ختم کرنا ہے،نواز شریف کے جارحانہ رویے سے ملک کی تباہی ہوگی،نواز شریف کے رویے سے ریاست کمزور ہوگی۔پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکر ٹری اطلاعات چوہدری منظور نے شہباز شریف کے رات کے اندھیرے میں دورہ قصور پر کہا کہ گڈ گورننس کا دعویدار وزیراعلیٰ اپنے صوبے میں چوروں کی طرح چھپتا پھر رہا ہے،بلھے شاہ کا قصور سانحات سے گذر گیا اور تخت لاہور شوبازیاں کرتا پھر رہا ہے، شہباز شریف کا قصور میں رات کے اندھیرے میں چوروں کی طرح آئے اور چلے گئے،وزیراعلیٰ کا چوروں کی طرح آنا ظاہر کرتا ہے کہ اس کی رٹ ختم ہو چکی ہے،شہباز شریف صوبے پر رحم کرے، مزید سانحات سے بچنے کیلئے استعفی دے دیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر شہباز شریف مزید اقتدار میں رہا تو آج بلھے کا قصور لٹا ہے کل پورا پنجاب لٹ جائے گا،قصور اور شیخوپورہ میں بیس سے زائد بچیوں اور بچوں کے قتل بھی شہباز شریف کے ضمیر کو نہیں جگا سکے، ہر شعبے اور شہر کا پیسا لاہور کی سڑکوں پر لگانے والے وزیراعلی سے اب پنجاب نجات چاہتا ہے۔