امیرحیدر خان ہوتی کا مردان میں چار سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے پر افسوس کا اظہار ،ملزمان کی عدم گرفتار ی نے خیبرپختونخوا کے مثالی پولیس کا پول کھل دیا،صوبائی صدر اے این پی امیرحیدر خان ہوتی کا جلسے سے خطاب

بدھ 17 جنوری 2018 20:53

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 17 جنوری 2018ء)اے این پی کے صوبائی صدر امیرحیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ مردان میں چار سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنا افسوسناک ہے ،ملزمان کی عدم گرفتار ی نے خیبرپختونخوا کے مثالی پولیس کا پول کھل دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع بام خیل میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

جلسے سے صوبائی سیکرٹری جنرل سردار حسین بابک ،سینیٹر ستارہ آیاز ،ضلع ناظم امیر رحمن اور ضلعی جنرل سیکرٹری محمد اسلام خان نے بھی خطاب کیا ،اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے سرکردہ کارکنوں نے سینکڑوں کی تعداد میں اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ امیرحیدر خان ہوتی نے کہا کہ باچاخان کے پیروکار 2018 کے الیکشن میں سونامی کو بنی گالہ میں دفن کرے گی،عمران خان نے اقتدار کیلئے پختونوں کے مینڈیٹ کا مذاق اڑایا ،نیازی خان نے سیاست میں ناچ گانا لاکر سیاست کو غیرسنجیدہ کردیا ،ہماری منصوبوں پر جعلی افتتاح کرنے والوں شرم آنی چاہیے،پی ٹی آئی حکومت کی بلین ٹری منصوبہ کرپشن سے بھری ہوئی ہے ،کرپشن کے خاتمے کا واویلا کرنے والوں نے خیبرپختونخوا میں اپنے ہی احتساب کمیشن کو تالے لگوائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اے این پی کے پانچ سالہ دور حکومت میں 10یونیورسٹیاں بنائی گئی جبکہ صوبے میں سکولز اور کالجز کا جال بچھایا گیا اور بچوںکیلئے تعلیم مفت کردی تھی ،پولیس شہداء کیلئے پیکج کو 5لاکھ سے بڑھا کر 30 لاکھ تک پہنچایا ۔انہوں نے کہا کہ جب ہم اقتدار میں آئے تو صوبے میں پولیس نفری 40 ہزار تھی اور جب ہم حکومت چھوڑ رہے تھے تو میں نے اسے 70ہزار تک پہنچایا تھا ،عمران خان کو خیبرپختونخوا میں بچیوں کے ساتھ زیادتی نظر نہیں آرہی ہے جبکہ پنجاب میں اس قسم کے واقعات پر احتجاج اور دھرنے دے رہے ہیں ،یہ پی ٹی آئی کی کونسی تبدیلی ہے ،پی ٹی آئی حکومت کی نو تعمیر کردہ حیات آباد پُل بنتے ہی ناکارہ ہوچکا ہے یہ پی ٹی آئی کی کرپشن واضح ثبوت ہے ،پی ٹی آئی نے اگر تبدیلی کی ہے تو کرپشن میں کی ہے اور اس حوالے سے ثبوت یہ ہے کہ اُن کے اپنے ہی وزراء کا وزیراعلیٰ پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہیں ،پی ٹی آئی کے سونامی نے خیبرپختونخوا کو تباہ کر رکھ دیا جبکہ اس کے برعکس صوبہ پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی آئندہ الیکشن میں فارغ ہوکراپنی تعلیمی اداروں پرتوجہ دینگے ،آج پورے صوبے میںعوام دھڑا دھڑ اے این پی میں شامل ہورہے ہیں ،پنجاب ،سندھ اور بلوچستان کے عوام نے اپنی قیادت پر ہمیشہ اعتماد کیا ہے لیکن صرف پختون ہی آپس میں منتشر ہے ،آج پختون قوم و اتحاد کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تعلیم ،صحت اور پولیس کے محکموں میںاصلاحات نہیںکئے۔انہوں نے کہا کہ عوام 2018 کے انتخابات میں سونامی کو مسترد کرکے لالٹین کے آگے مہر لگادینگے ،امیر حیدر خان ہوتی نے کارکنوں سے 28جنوری کو پشاور باچاخان اور ولی خان بابا کے برسی میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ۔