یہ اقتصادی مقابلے کا زمانہ ہے،ہم نے پاکستان کو اقتصادی مقابلے میں آگے لیکر جانا ہے،ہمیں محاز آرائی سے باز رہنا چاہیئے،محاز آرائی سے پاکستان مستحکم نہیں ہو گا،وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

ہفتہ 24 فروری 2018 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 24 فروری 2018ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم سیاست میں پی ایچ ڈی کر چکی ہے اور سبھی جانتے ہیں کہ یہ اقتصادی مقابلے کا زمانہ ہے۔ ہمارے ہمسائیے اور دیگر ممالک تیز رفتاری سے ترقی کر رہے ہیں، اس لیے ہمیں بھی مثبت سوچ اور موثروکارآمد پالیسیوں کے ساتھ آگے بڑھنا ہے تاکہ پاکستان بھی ترقی کرے اور آگے بڑھے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو اقتصادی مقابلے میں آگے لیکر جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں محاز آرائی سے باز رہنا چاہیئے کیونکہ محاز آرائی سے پاکستان مستحکم نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مذید کہا کہ ملکی تاریخ میں دوسری بار ہم اپنی آئینی مدت پوری کر کے انتخابات میں جا رہے ہیں جو خوش آئند ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ ملک میں جمہوریت اور جمہوری نظام مستحکم ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اپنی مدت پوری کرکے ہم دنیا میں اپنا سر اونچا کر سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا احترام ہم سب کا فرض ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں کسی پر الزام نہیں لگا رہا بلکہ ممکنہ صورت حال کا کہہ رہا ہوں کہ تسلسل کے ساتھ ایک سیاسی جماعت کے خلاف فیصلے آناسازش تو نہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں اربوں کھربوں کے سکینڈل سامنے آتے تھے لیکن آج پیلز پارٹی کے دور کے وہ تمام سکینڈل ختم ہو گئے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی جماعت کو سینیٹ کے انتخابات سے نکال دیا گیا۔ ہم نے فیصلوں کی سیاہی خشک ہونے سے قبل ان فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا۔

پاک چین اقتصادی راہداری کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سی پیک حقیقت میں ایک گیم چینجر منصوبہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ بہت سی طاقتیں سی پیک کے منصوبے کے خلاف سرگرم ہیں اور پاکستان کے دشمن جاسوس بھی یہاں سے پکڑے جا چکے ہیں جن کے متعلق ٹھوس شواہد تمام اہم فورمز پر بھی دے چکے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی قیادت میں ہماری جماعت متحد ہے اور جماعت ہی جسے لیڈر نامزد کرے گی اسے تسلیم کریں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی نا اہلی کے بعد کوئی بھی وزیراعظم کے لیے امیدوار نہیں تھا بلکہ محمد نواز شریف نے شاہد خاقان عباسی کو وزارت عظمیٰ کے لیے نامزد کیا۔