نواز شریف کے ممبئی حملوں کے بیان پر چوہدری نثار کا پہلا ردعمل

محاذ آرائی کی پالیسی سے ناصرف پارٹی بلکہ ملک کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا، پارٹی قیادت کو ٹھنڈے دماغ کیساتھ معاملات کو دیکھنا ہوگا: چوہدری نثار

بدھ 16 مئی 2018 20:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 16 مئی 2018ء) نواز شریف کے ممبئی حملوں کے بیان پر چوہدری نثار کا پہلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق اور نااہل قرار دے دیے گئے وزیراعظم نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان پر چوہدری نثار کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کی جانب سے اس تمام معاملے پر دیا جانے والا یہ پہلا ردعمل ہے۔

چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت پر پہلے ختم نبوت کے معاملے کا الزام لگا، جبکہ اب قیادت پر غداری کا الزام لگ رہا ہے۔ اس تمام صورتحال میں پارٹی قیادت کو ٹھنڈے دماغ کے کیساتھ معاملات کو دیکھنا ہوگا۔ ن لیگ کی حکومت میں اٹھنے والے مسائل اور تنازعات بے حد تشویش ناک ہیں۔

(جاری ہے)

ن لیگ کو بطور پارٹی ٹھنڈے دل و دماغ سے کام لینا ہوگا۔ غصہ اور تصادم کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔

محاذ آرائی اور غصے کی پالیسی سے ناصرف پارٹی بلکہ ملک کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ جو کچھ ہو رہا ہے، یہ لمحہ انتہائی تشویش ناک ہے۔ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا مزید کہنا ہے کہ سیاستدان کا کام ہے کہ اپنے اصولوں پر قائم رہتے ہوئے مسائل کا حل نکالے۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل نااہل قرار دیے جانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے کچھ روز قبل ایک انگریزی اخبار کو ایک متنازعہ انٹرویو دیا گیا تھا۔

انٹرویو میں نواز شریف نے ممبئی حملوں کا الزام پاکستان پر لگا کر بھارت کے جھوٹے الزامات کی توثیق کردی تھی۔ اس بیان کے بعد سے نواز شریف کو ناصرف اپنی جماعت کے اندر سے، بلکہ ملک بھر کی سیاسی جماعتوں اور اداروں کی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ معاملہ اس حد تک سنگین ہوگیا ہے کہ کئی جماعتیں اور حلقے نواز شریف پر غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔ اس تمام صورتحال میں خاص کر ن لیگ بطور پارٹی شدید دباو کا شکار ہے۔