صادق خان کے خلاف توہین آمیز ریمارکس پرکنزرویٹیو لیڈر کے خلاف کارروائی

اسٹیفن ارڈلی نے صادق خان کے میئرمنتخب ہونے پرتنقید اورووٹرزکو اندھا کہاتھا،تحقیقات جاری ہیں،پارٹی ترجمان

اتوار جون 13:00

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار جون ء)برطانوی اخبارات کی رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ برطانیہ کی قدامت پسند حکمراں جماعت کنزر ویٹیو پارٹی نے اپنے ایک سینیر رکن کے خلاف لندن کے پاکستانی نژاد مسلمان میئر صادق خان کے خلاف نازیبا الفاظ میں تبصرہ کرنے پر کارروائی شروع کی ہے۔برطانوی اخبار کے مطابق جماعت کے ایک ترجمان کا کہنا تھاکہ اسٹیفن ارڈلی کے خلاف تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔

ان پر لندن کے میئر کے خلاف نا مناسب الفاظ کے استعمال کا الزام عاید کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ارڈلی پرالزام ہے کہ اس نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ فیس بک پر پوسٹ ایک بیان میں صادق خان کو لندن کا میئر منتخب کرنے پر شدید تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ صادق خان کو میئر بنانے والے اندھے ہیں۔

(جاری ہے)

اس بیان کے بعد کنزر ویٹیو پارٹی کے اندر سے اسٹیفن ارڈلی کے خلاف کارروائی کے لیے سخت دبا تھا اور ان کے الفاظ کو جماعت میں اسلام فوبیا کے شکار عناصرکے بیان کے طورپر لیا گیا تھا۔

گذشتہ جمعرات کو برطانیہ کی سپریم اسلامک کونسل نے بھی کنزرویٹیو پارٹی سے جماعت کی صفوں میں اسلام فوبیا کی شکار کالی بھیڑوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔کونسل کی طرف سے برطانوی وزیراعظم اور کنزر ویٹیو پارٹی کی سربراہ تھریسا مے سے ایک کھلے مکتوب میں اسٹیفن ارڈلی کے خلاف آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا اور ملک میں اسلام فوبیا کے تیزی کیساتھ پھیلنے اور مسلمانوں کے خلاف نسلی امتیازپر مبنی رویے کے خاتمے پر زوردیا گیا۔خیال رہے کہ برطانیہ میں مسلمان آبادی 41 لاکھ سے زیادہ ہے اور لندن میں مسلمانوں کی سب سے بڑی تعداد آباد ہے۔

Your Thoughts and Comments