سپریم کورٹ کی نیب کو نندی پور پاور پلانٹ میں کرپشن کی تحقیقات کی ہدایت

جمعرات 7 جون 2018 20:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 7 جون 2018ء)سپریم کورٹ نے نیب کو نندی پور پاور پلانٹ میں کرپشن کی تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی ہے ،جمعرات کو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے نندی پور پاور پلانٹ کرپشن کیس کی سماعت کی ، اس موقع پرچیف جسٹس نے کہا کہ رحمت حسین جعفری کی رپورٹ کی روشنی میں نندی پاور پراجیکٹ میں کرپشن کی تحقیقات کرکے بتایا جائے کہ نندی پور منصوبہ میں کیوں اورکتنی تاخیر ہوئی کتنا عرصہ فائل وزارت قانون میں پڑی رہی، عدالت نندی پور پراجیکٹ میں ہونے والے فراڈ کا تفصیلی جائزہ لے گی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دورا ن سیکرٹری توانائی یوسف نسیم کھوکھرنے عدالت کوبتایا کہ نندی پور پراجیکٹ پہلے 22 ارب کا منصوبہ تھا جو بعدازاں 55 ارب میں مکمل ہوا۔ جس پرچیف جسٹس نے حکم جاری کیا کہ منصوبے کیلئے بھرتی کئے جانے والے اورٹرانسفر کئے گئے ملازمین واپس نندی پور پراجیکٹ پر لائے جائیں۔ فاضل عدالت نے منصوبے کے ملازمین کو واپس بھیجوانے اور ان کو تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ نندی پور پاور پلانٹ کی تحقیقات کی جائیں گی تاہم مزدور کا استحصال نہیں ہونے دیں گے۔