الیکشن کمیشن نے مسلح افواج کے جوانوں ،سرکاری ملازمین اور معذور افراد کیلئے پوسٹل بیلٹ پیپرز حاصل کرنے کی آخری تاریخ 5 جولائی مقرر کر دی

سرکاری ملازمین،افواج پاکستان ، معذور افراد پولنگ پر تعینات عملہ اور سیکورٹی اہلکار پوسٹل بیلٹ پیپرز کے ذریعے اپنے ووٹ پول کر سکیں گے

جمعرات 7 جون 2018 21:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 7 جون 2018ء) الیکشن کمیشن نے مسلح افواج کے جوانوں ،سرکاری ملازمین اور معذور افراد کیلئے پوسٹل بیلٹ پیپرز حاصل کرنے کی آخری تاریخ 5 جولائی مقرر کر دی ہے، جبکہ پولنگ پر مامور عملے اور سیکورٹی اہلکاروں کیلئے 10جولائی کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ سرکاری ملازمین،افواج پاکستان ، معذور افراد پولنگ پر تعینات عملہ اور سیکورٹی اہلکار پوسٹل بیلٹ پیپرز کے ذریعے اپنے ووٹ پول کر سکیں گے ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامئے کے مطابق پوسٹل بیلٹ کے زریعے اپنا ووٹ کاسٹ کرنے والے ایسے سرکاری ملازمین ،مسلح افواج کے جوان ،سیکورٹی اداروں کے اہلکار جن کی پوسٹنگ اپنے حلقے سے باہر ہو اور معذور افراد ان کے اہل خانہ اور بچے کو انتخابی فہرستوں میں بطور ووٹر درج ہوں تو وہ 5جولائی تک پوسٹل بیلٹ پیپر کے حصول کیلئے درخواستیں دے سکتے ہیں اسی طرح الیکشن ڈیوٹی پر مامور عملہ بھی اپنی تعیناتی کے احکامات کے بعد پوسٹل بیلٹ کیلئے درخواستیں دے سکتے ہیں الیکشن کمیشن کے مطابق پریذائڈنگ ،اسسٹنٹ پریذائڈنگ افسران اور پولیس اہلکاروں کے لیے پوسٹل بیلٹ پیپرز حاصل کرنے کی آخری تاریخ 10 جولائی ہے پوسٹل بیلٹ پیپرز الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ اور متعلقہ ریٹرننگ افسران سے حاصل کیے جا سکیں گے پوسٹل بیلٹ پیپرز حاصل کرنے والا ووٹر پولنگ اسٹیشن پر ووٹ پول نہیں کر سکے گا۔

۔۔۔اعجاز خان