کوئٹہ میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی، راولپنڈی، اسلام آباد میں مزید بارش کی پیشگوئی

مردان، کوہاٹ، ہزارہ، راولپنڈی،گوجرانوالہ، لاہور ‘کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان

پیر جون 11:40

اسلام آباد/‘کوئٹہ‘مردان (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر جون ء) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قریب ہرنائی و گردونواح اور پہاڑی سلسلوں میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ طغیانی کے باعث ہرنائی، پنجاب قومی شاہراہ پر تین مقامات پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی،ٹریفک کی معطلی سے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مردان، کوہاٹ، ہزارہ، راولپنڈی،گوجرانوالہ، لاہور ڈویڑن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ اس سے قبل ملک کے مختلف شہروں میں تیز بارش کے نتیجے میں موسم خوشگوار اور عید کی خوشیاں دو بالا ہو گئیں۔

(جاری ہے)

عید کے تیسرے روز ساہیوال، خوشاب، نورپور تھل، دریاخان، ہارون آباد، بہاول پور، چشتیاں، فورٹ عباس، اوچ شریف، ڈونگہ بونگہ، کندیاں، شجاع آباد، سکندر آباد، بہاولنگر میں تیز ہوا کے ساتھ شدید بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت کم ہوگئی۔

پشاور میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔تیز بارش سے موسم تو خوشگوار ہو گیا تاہم کچی آبادیوں کیلئے رحمت زحمت بن گئی اور ناقص سیوریج نظام کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ کئی علاقوں میں بارش ہوتے ہی بجلی کی آنکھ مچولی بھی شروع ہوگئی۔ادھر عید کی تعطیلات کے آخری روز سیاحوں کی بڑی تعداد نے بالائی علاقوں کا رخ کرلیا۔ بالاکوٹ، ناران، جھیل سیف الملوک اور دیگر مقامات پر سیاحوں کا رش لگ گیا۔ادھر کراچی میں گرمی برقرار ہے اور محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شہر میں بارش اور بوندا باندی کا امکان فی الحال ختم ہوگیا ہے۔ پیر کو کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد اور سمندری ہواؤں کی رفتار 25 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔

Your Thoughts and Comments