ایف اے ٹی ایف کا پاکستان کو فی الحال گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا اعلان

پاکستان نے بہترین کارکردگی دکھائی، گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے تمام شرائط پر عمل کیا، پاکستان کا دورہ کر کے شرائط کی تکمیل کی تصدیق کی جائے گی: فیٹف اعلامیہ

muhammad ali محمد علی جمعہ 17 جون 2022 20:21

ایف اے ٹی ایف کا پاکستان کو فی الحال گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا اعلان
برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جون2022) ایف اے ٹی ایف کا پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق جرمنی کے شہر برلن میں جاری ایف اے ٹی ایف کا اجلاس اختتام پذیر ہو گیا۔ اجلاس کے اختتام پر صدر ایف اے ٹی ایف کی جانب سے کی جانے والی پریس کانفرنس میں اعلان کیا گیا کہ پاکستان نے بہترین کارکردگی دکھائی، گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے تمام شرائط پر عمل کیا گیا، پاکستان نے 34آئٹمز پر مبنی اپنے دو پلان مکمل کرلیے ہیں۔

2 سال میں 5 مرتبہ انسداد ہشتگردی اقدامات کا جائزہ لیا گیا،پاکستان نے منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی فنانسنگ روکنے کی اصلاحات مکمل کیں، پاکستان نے دہشتگردوں کو مالی معاونت روکنے کیلئے بہترین اقدامات کیے، اسی طرح پاکستان نے انسداد منی لانڈرنگ کیلئے بھی بہترین پیشرفت کی ہے، جون 2018کے بعد پاکستانی قیادت نے بھرپور کام کیا ، پاکستانی حکام کی جانب سے بہت زیادہ محنت کی گئی۔

(جاری ہے)

پاکستان کو فی الحال گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے مزید کچھ کرنے کی ضرورت نہیں، تاہم پاکستان کا دورہ کر کے شرائط کی تکمیل کی تصدیق کی جائے گی، کورونا صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے جلد ازجلد پاکستان کا دورہ کیا جائے گا۔ فیٹف وفد کے دورہ پاکستان کے بعد رواں سال اکتوبر میں ایف اے ٹی ایف کے اجلاس کے دوران پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالنے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

مزید برآں وزیرمملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان کیلئے بھی دوسرے ممالک کی طرح گرے لسٹ سے نکلنا ضروری ہے ،ہمارا طریقہ کار مختلف رہا، ہمیں دو ورکنگ پلان پر ایک ہی وقت میں کام کرنا پڑا، امید جلد گرے لسٹ سے نکل جائیں گے تاکہ معیشت بہتر ہوسکے،پاکستان نے اپنا کیس بڑی وضاحت کے ساتھ پیش کردیا ہے، ایف اے ٹی ایف کے اعلان سے قبل کسی قسم کی قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہئے۔

وزیرمملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھرنے اپنے بیان میں کہا کہ ہمارا کام تھا سفارتی سطح پر چیزوں کو منوانا، ہمارا کام تھا ہم نے فیٹف میں اپنا کیس بھرپور طریقے سے لڑا، ہم نے گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے سفارتی محاذ پر بڑا کام کیا۔،میں سمجھتی ہوں پاکستان نے اس سلسلے میں بڑا طویل عرصہ سفر کیا ہے، ہماری کوشش ہے ساری محنت کو ضائع نہ جانے دیں۔ انہوں نے کہا کہ جس نے جتنا کریڈٹ لینا ہے لے لے،ہمارا کام پاکستان کو مشکل سے نکالنا ہے، ہم پاکستان کیلئے کام کررہے ہیں ہمیں کریڈٹ لینے دینے سے فرق نہیں پڑتا۔

برلن میں شائع ہونے والی مزید خبریں