پاکستان سے عراق جانے والے زائرین کیلئے ویزہ فیس ختم

اب پاکستانی عراق کا انفرادی ویزہ بھی حاصل کرسکیں گے‘ زائرین کا کوٹہ 50 ہزار سے بڑھاکر ایک لاکھ کرنے کی منظوری دے دی گئی‘ پاکستانی سرمایہ کاروں کو ای ویزہ فراہم کرنے کا فیصلہ بھی ہوگیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 3 اگست 2023 16:27

پاکستان سے عراق جانے والے زائرین کیلئے ویزہ فیس ختم
اسلام آباد/بغداد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 اگست 2023ء ) پاکستان سے عراق جانے والے زائرین کو بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے ویزہ فیس ختم کردی گئی، پاکستانی عراق کا انفرادی ویزہ بھی حاصل کرسکیں گے، زائرین کا کوٹہ 50 ہزار سے بڑھاکر ایک لاکھ کرنے کی منظوری دے دی گئی جب کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کو ای ویزہ فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے اپنے دورہ عراق کے دوران میزبان ملک کے وزیر اعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات کی، ملاقات میں عراقی وزیر داخلہ عبدالامیر الشماری نے بھی شرکت کی۔ وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ اس ملاقات میں دفاع اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، ملاقات میں بریفنگ دی گئی کہ پاکستانی شہری کثیر تعداد میں زیارات کیلئے عراق کا رخ کرتے ہیں، عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے پاکستانی زائرین کیلئے ویزا فیس ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے، زائرین کیلئے اربعین کے دوران کوٹہ 50 ہزار سے ایک لاکھ کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اس موقع پرعراق کے وزیر اعظم نے پاکستانی سرمایہ کاروں کو الیکٹرانک ویزا کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے معمولی جرائم اور زائد قیام پر عراقی جیلوں میں قید پاکستانیوں کو جلد رہائی یقینی بنانے کے لیے وزارت انصاف کو ہدایات جاری کر دیں۔ بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جس کے جواب میں عراقی وزیر اعظم نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے عراقی صدر ڈاکٹر عبدالطیف رشید سے ملاقات کی، اس دوران دونوں ممالک کے مابین تجارت، دفاع اور آئی ٹی کے شعبہ میں تعاون بڑھانےپر اتفاق کیا، وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، دونو ں ممالک نے دہشت گردی کا سامنا کیا اور اس کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں، پاکستان کی وزار ت داخلہ عراقی وزارت داخلہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی خواہاں ہے۔ اس موقع پر عراقی صدر نے کہا کہ پاکستانی فوج بہترین صلاحیتوں کی حامل ہے اور پاکستانی فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں۔

بغداد میں شائع ہونے والی مزید خبریں