عمان کا چند کرنسی نوٹ ختم کرنے کا اعلان

پاکستانیوں اور دیگر رہائشیوں کو متعلقہ نوٹ تبدیل کرانے کی آخری تاریخ بتادی گئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 8 جنوری 2024 16:27

عمان کا چند کرنسی نوٹ ختم کرنے کا اعلان
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 جنوری 2024ء ) خلیجی سلطنت عمان نے بعض کرنسی نوٹ بند کرنے کا اعلان کردیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق مرکزی بینک آف عمان (سی بی او) نے مخصوص بینک نوٹ ختم کرنے کا اعلان کیا، اب سے 360 دن کی مدت کے بعد یہ بینک نوٹ قانونی کرنسی کے طور پر تسلیم شدہ نہیں رہیں گے، اس سال کے اختتام پر ان نوٹوں کو ایک غیر قانونی کرنسی سمجھا جائے گا۔

سی بی او نے ایک بیان میں کہا کہ بند ہونے والے کرنسی نوٹ وہ ہیں جو 2020ء کے چھٹے شمارے سے پہلے شروع کیے گئے تھے، جن کا اجراء نومبر 1995ء سے 2019ء کے درمیان ہوا، بندش کا سامنا کرنے والے نوٹوں کی ایک وسیع رینج میں نومبر 1995ء سے جاری ہونے والے 1,500 بیسہ، 200 بیسہ اور 100 بیسہ کے کرنسی نوٹ شامل ہیں، نومبر 2000ء سے شروع ہونے والے 50، 20، 10، اور 5 عمانی ریال بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ 2005ء کا یادگاری 1 عمانی ریال، 2010ء کا یادگار 20 عمانی ریال، 2011ء اور 2012 کے 50 عمانی ریال، 10 عمانی ریال، 5 عمانی ریال کے یادگاری نوٹ بھی بند ہوجائیں گے، ان کے علاوہ 2015ء کا یادگاری 1 عمانی ریال اور 2019ء کا 50 عمانی ریال کے نوٹ بھی اعلان کے بعد 360 دن کی مدت کے بعد قانونی کرنسیوں کے طور پر تسلیم شدہ نہیں رہیں گے۔ عمان کے مرکزی بینک کی جانب سے تمام رہائشیوں کو سختی سے مشورہ دیا گیا ہے کہ جن کے پاس یہ نوٹ ہیں وہ مقررہ وقت کے اندر ان کا تبادلہ کریں، اس مدت کے بعد ان نوٹوں کو غیر قانونی اور ناقابل تبادلہ کرنسی تصور کیا جائے گا کیوں کہ یہ کرنسیاں ناقابل استعمال ہو جائیں گی اس لیے کوئی بھی شخص جس کے پاس مذکورہ بینک نوٹ ہیں اور وہ انہیں تبدیل کرنا چاہتا ہے تو اسے جلد از جلد ایسا کرلینا چاہیئے۔

متعلقہ عنوان :

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں