مسقط اور ابوظہبی کے درمیان نئی بس سروس کا اعلان

202 نمبر بس العین کے درمیان سے ہوتی ہوئی مختلف اسٹاپ کرتی ہوئی اپنی منزل پر پہنچے گی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 30 ستمبر 2023 11:19

مسقط اور ابوظہبی کے درمیان نئی بس سروس کا اعلان
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 ستمبر 2023ء ) مسقط اور ابوظہبی کے درمیان نئی بس سروس کا اعلان کردیا گیا۔ عمانی میڈیا کے مطابق یکم اکتوبر سے عمان کی قومی پبلک ٹرانسپورٹ سروس ’مواصلات‘ کی طرف سےمسقط سے ابوظہبی کے درمیان ایک نئی بس سروس پیش کی جارہی ہے، اس روٹ پر چلنے والی 202 نمبر بس مسقط عمان سے شروع ہوکر ابوظہبی جاتے ہوئے العین کے درمیان سے ہوتی ہوئی مختلف اسٹاپ کے ساتھ سفر کرے گی، یہی بس ابوظہبی سینٹرل بس اسٹیشن سے اسی راستے پر مسقط عمان کے لیے روانہ ہوگی۔

معلوم ہوا ہے کہ بس سروس کے یک طرفہ ٹکٹ کی قیمت 11.5 عمانی ریال ہے، ابوظہبی سے مسقط کا سفر کرنے میں تقریباً 9 گھنٹے لگتے ہیں، جس میں درمیان میں 45 منٹ سے ایک گھنٹے کا وقفہ بھی شامل ہے، بس العزائبہ بس اسٹیشن سے صبح 6 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوگی، البرائمی میں 11 بجے، العین دوپہر 1 بجے اور ابوظہبی بس اسٹیشن دوپہر 3 بج کر 40 منٹ پر پہنچے گی جب کہ بس ابوظہبی سے صبح 10بج کر 40 منٹ پر روانہ ہوگی اور رات 8 بج کر 35 منٹ پر مسقط پہنچے گی، دو سال سے کم عمر کے بچے مفت سفر کر سکتے ہیں لیکن ان کے لیے کوئی سیٹ مختص نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ بس میں سفر کے لیے 23 کلوگرام بیگیج اور 7 کلو گرام ہینڈ کیری کی اجازت ہوگی، بس کے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ کرتے وقت آپ سے پہلے اپنی قومیت درج کرنے کو کہا جائے گا، اگر آپ خلیج تعاون کونسل (GCC) کے ممالک کے شہری ہیں تو آپ کو اپنے ملک کے آئی ڈی کارڈ کی ایک کاپی فراہم کرنی ہوگی، دیگر قومیتوں کے شہریوں میں متحدہ عرب امارات کے تارکین وطن کے لیے ایمریٹس آئی ڈی کی کاپی اور عمان کے ویزہ کی کاپی درکار ہوگی۔ یہاں یہ بات نوٹ کرنا ضروری ہے کہ آپ کے پاس بس ٹکٹ کا ڈیجیٹل اور پرنٹ شدہ دونوں ورژن ہونا ضروری ہے اور جب آپ بس میں سوار ہوں تو اپنے ساتھ ایمریٹس آئی ڈی اور پاسپورٹ ضرور رکھیں۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں