عمان ایئر کا لاہور اور اسلام آباد کیلئے فلائٹ آپریشن منسوخ

سلطنت کی قومی فضائی کمپنی نے مسابقت کو بڑھانے کے لیے اپنے نیٹ ورک میں تبدیلیوں کا اعلان کردیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 جنوری 2024 12:12

عمان ایئر کا لاہور اور اسلام آباد کیلئے فلائٹ آپریشن منسوخ
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 جنوری 2024ء ) عمان ایئر نے اسلام آباد اور چٹاگانگ کے درمیان اپنی پروازیں منسوخ کر دیں۔ عمان آبزرور کے مطابق سلطنت کی قومی فضائی کمپنی عمان ایئر نے مسابقت کو بڑھانے کے لیے اپنے نیٹ ورک میں تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے، ان میں سیالکوٹ کا نیا روٹ شامل کرنے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد، لاہور، کولمبو اور چٹاگانگ کے لیے آپریشن کی منسوخی شامل ہے، ایئر لائن دو موجودہ مقامات لکھنؤ اور ترواننت پورم تک صلاحیت کو بڑھاتے ہوئے بعض روٹس کی تعدد کو بھی کم کرے گی۔

بتایا گیا ہے کہ اس کے علاوہ تین مقامات پر موسمی بنیادوں پر کام کیا جائے گا، ایئرلائن گرمیوں کے موسم میں ترابزون اور سردیوں کے موسم میں زیورخ اور مالے کیلئے اڑان بھرے گی، عمان ایئر نے اس موسم گرما میں شروع ہونے والے اپنے فلائٹ شیڈول کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ عمانی مارکیٹ کی ضروریات کو بہتر طریقے سے پورا کرنے اور عمان کے اندر اور باہر بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کیلئے اس کی کئی منزلوں کے لیے پرواز کے اوقات کا جائزہ لیا گیا ہے، جس میں براہ راست مسافروں کو زیادہ سہولت فراہم کرنے اور کنیکٹنگ فلائٹس کو بڑھانے کے لیے زیادہ مناسب دورانیے پر توجہ دی گئی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ اس وقت کمپنی مارکیٹ کی بدلتی ہوئی ترجیحات کو اپنانے اور اضافی مواقع کی نشاندہی کرنے کے لیے اپنی حکمت عملی کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے، وزارت ثقافت اور سیاحت سمیت حکومتی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ صف بندی برقرار رکھتے ہوئے عمان ایئر عمان 2040ء ویژن کے اقتصادی اور سماجی اہداف کے لیے پرعزم ہے۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں