مکّہ مکرمہ: 5 ماہ میں فرزندانِ توحید کو 32 لاکھ سے زائد عمرہ ویزہ جاری

پاکستان سے آنے والے زائرین کی گنتی 7لاکھ سے بڑھ گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 26 جنوری 2019 11:14

مکّہ مکرمہ: 5 ماہ میں فرزندانِ توحید کو 32 لاکھ سے زائد عمرہ ویزہ جاری
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 جنوری 2019ء ) وزارت حج و عمرہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں عمرہ سیزن یعنی یکم محرم الحرام 1440ھ سے 18 جمادی الاول 1440ھ تک 32 لاکھ70ہزار 164 عمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 27 لاکھ 91 ہزار 438 افراد ارضِ مقدس آ چکے ہیں۔ اب تک 23 لاکھ 41 ہزار 668 معتمرین عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وطن کو رخصت ہو چکے ہیں۔

اس وقت مملکت میں عمرہ کی غرض سے مقیم معتمرین میں سے 321006 مکہ مکرمہ میں جبکہ 128764 مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں محرم سے لے کر ربیع الثانی کے آخر تک عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں کی تعداد میں 3.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔عمرہ سیزن کے آغاز سے لے کراب تک عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں میں پاکستانی سرفہرست رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جن کی گنتی 7 لاکھ 29 ہزار 117ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے بعد انڈونیشیا کا نمبر ہے جہاں سے آنے والوں کی گنتی 7 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ تیسرے نمبر پر بھارت ہے جس کے بعد ملائیشیاچوتھی اور یمنی پانچویں نمبرپر ہیں۔ زائرین نے اس موقع پر خادمین حرمین شریفین کی جانب سے زائرین کے لیے قیام و طعام اور سفری انتظامات کو بہت عمدہ قرار دیا۔ معتمرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ وزارت کی جانب سے کسی پریشانی یا شکایت کی صورت میں حرمین میں قائم شدہ وزارت حج و عمرہ کے ذیلی دفاتر میں موجود اہلکاروں سے رابطہ کیا جا سکتا ہے، جہاں درجنوں زبانوں کے جاننے والے افراد زائرین کی پریشانی کا ازالہ کرنے کے لیے موجود ہیں۔ اس مقصد کے لیے 992 ، ای میل یا سوشل ویب سائٹس سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں