رواں حج کے موقع پر 2 لاکھ سے زائد عازمین حج کو صحت کی مفت خدمات فراہم کی گئی ہیں

14 عازمین حج کی اوپن ہارٹ سرجری جبکہ 345 کی اینجیو گرافی بھی کی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 5 اگست 2019 11:41

رواں حج کے موقع پر 2 لاکھ سے زائد عازمین حج کو صحت کی مفت خدمات فراہم کی گئی ہیں
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5اگست 2019ء) سعودی وزارت صحت کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس بار حج کے موقع پر 2 لاکھ 23 ہزار سے زائد عازمین حج کو علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ العربیہ نیٹ کے مطابق 4 جولائی 2019 ء سے لے کر 3 اگست 2019 ء تک مکّہ، مدینہ کے ہسپتالوں اور ہیلتھ سنٹرز نے 190 ہزار 719 عازمین کو صحت خدمات پیش کیں۔

14 عازمین حج کی اوپن ہارٹ سرجری کی گئی جبکہ 345 کی اینجیو گرافی بھی کی گئی۔ ایک اوپن ہارٹ سرجری پر تقریباً 20 ہزار امریکی ڈالر کی لاگت آئی ہے۔ 1020 عازمین کو گُردوں کی شکایت پیدا ہوئی۔ جنہیں ڈائیلیسز کی سہولت فراہم کی گئی۔ 322 مریضوں کے مختلف نوعیت کے آپریشن کیے گئے۔ حج کی غرض سے آئیں تین خواتین کی زچگی کا مرحلہ سعودی ہسپتالوں میں ہی طے پایا۔

(جاری ہے)

جن کے ہاں پیدا ہونے والے بچے پُوری طرح سے صحت مند ہیں۔ 20 کے قریب حاجی اور حاجنیں ایسی بھی تھیں جو لو لگنے کے باعث اسپتالوں میں لائے گئے۔ سرجری کی سہولت حاصل کرنے والوں میں ایک ایرانی عازم حج بھی شامل تھی جس کی دورانِ حج آنکھ میں رسولی بن گئی تھی۔ خطرہ تھا کہ اگر اس کا بروقت علاج نہ کیا جاتا تو اس کی بینائی ہمیشہ کے لیے ضائع ہو جاتی۔ اس ایرانی عازم حج کا آپریشن کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی مکہ مکرمہ میں انجام دیا گیا۔ سعودی حکومت کی جانب سے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں، زمینی سرحدی چوکیوں، شاہراہوں، مدینہ منورہ اور مکہ کے میں مسجد الحرام، منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں بھی ہر طرح کی صحت خدمات انجام دی گئیں۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں