20 لاکھ سے زائد عازمین حج میدانِ عرفات پہنچ گئے، وقوفِ عرفہ آج ہو گا

حجاج کرام ظہر اور عصر کی نمازیں مسجد نمرہ میں پڑھیں گے اور حج کا خطبہ بھی سُنیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 10 اگست 2019 11:24

20 لاکھ سے زائد عازمین حج میدانِ عرفات پہنچ گئے، وقوفِ عرفہ آج ہو گا
مکّہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اگست2019ء) آج سے سعودی عرب میں مناسکِ حج کا آغاز ہو گیا ہے۔آج لاکھوں عازمین حج کے رُکن وقوف عرفہ کی ادائیگی کریں گے۔ اس مقصد کے لیے عازمین گزشتہ رات سے ہی میدانِ عرفات پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ آج کے روز حجاج میدانِ عرفات میں مغرب کے وقت تک عبادات میں مصروف رہیں گے۔ ظہر اور عصر کی نمازیں مسجد نمرہ میں ادا کریں گے اور اس دوران حج کا خطبہ بھی سُنیں گے۔

غروب آفتاب کے بعد عازمین مزدلفہ کا رُخ کریں گے اور رمی کے لیے کنکریاں چُنیں گے۔ کل بروز اتوار نماز فجر کے بعد حجاج کرام منیٰ کی جانب روانہ ہوں گے۔ جہاں وہ جانوروں کی قربانی کی رسم ادا کریں گے۔ ہر سال کی طرح رواں سال بھی حاجیوں کی رہائش اور قیام و طعام کا انتظام منیٰ میں کیا گیا ہے جہاں لاکھوں خیمے لگے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب جمرات پل کی انتظامیہ نے بھی اس سال اعلان کیا ہے کہ حجاج کرام کو سامان سمیت پُل تک جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

حجاج کو پہلے اپنا سامان منیٰ میں اپنے خیموں میں رکھنا ہو گا اور پھر اس کے بعد وہ مقررہ وقت پر رمی کے لیے روانہ ہوں گے۔ سعودی وزارت صحت کی جانب سے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں تمام ہسپتالوں کو کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے ریڈ الرٹ رکھا گیا ہے۔ اس کے صحت مراکز اور موبائل میڈیکل ٹیمیں بھی حاجیوں کو مختلف طبی سہولیات مہیا کر رہی ہیں۔ محکمہ شہری دفاع بھی حاجیوں کی خدمت کی لیے پوری طرح مستعد اور سرگرم ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں