سعودی عرب نے عازمین حج کو خبردار کر دیا

سمارٹ کارڈ اور حج پرمٹ کے بغیر کوئی بھی حج ادا نہیں کر سکے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 18 جون 2021 16:33

سعودی عرب نے عازمین حج کو خبردار کر دیا
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 جون 2020ء) سعودی عرب نے کورونا وبا کی وجہ سے اس بار بھی مملکت سے باہر مقیم افراد کو حج ادا کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ صرف مملکت میں مقیم مقامی اور غیر ملکی افراد ہی حج ادا کر سکیں گے۔ اس حوالے سے سعودی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ حج کی ادائیگی کے لیے الیکٹرانک پرمٹ(اجازت نامہ) اور اسمارٹ کارڈ ساتھ رکھنا لازمی ہو گا۔

کوئی بھی شخص سمارٹ کارڈ اور حکومتی اجازت نامے(پرمٹ ) کے بغیر حج ادا نہیں کر سکے گا۔ سعودی نائب وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے لوگوں سے کہا کہ جو لوگ حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں وہ وزارت حج کی ویب سائٹ پر دیئے گئے لنک پر ہی کلک کر کے حج کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اور کسی پلیٹ فارم سے حج درخواست دینے کی سہولت موجود نہیں ہے۔

(جاری ہے)

جن لوگوں کی درخواستیں منظور ہوں گی، انہیں الیکٹرانک اجازت نامے اور اسمارٹ کارڈ جاری ہوں گے جنہیں ابشر کے آن لائن پلیٹ فارم سے منسلک کیا جائے گا۔اضح رہے کہسعودی حکومت کی جانب سے دو روز قبل اعلان کیا گیا تھا کہ اس بار صرف سعودی مملکت میں مقیم غیر ملکی اور مقامی باشندے ہی ادا کر سکیں گے اور ان حاجیوں کی تعداد 60 ہزار سے زیادہ نہیں ہو گی۔

اس کے علاوہ خواتین کو بھی تاریخ میں پہلی بار محرم کے بغیر حج کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے مزید شرائط اور تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ سعودیہ کے نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ حج اجازت نامے ابشر کے ذریعے جاری ہوں گے۔ عازمین حج بس میں ایک صحت انچارج تعینات ہوگا۔ ضرورت پڑی تو ہر چار حجاج کے لیے ایک اہلکار تعینات کیا جائے گا۔

کورونا وائرس سے ممکنہ طور پر متاثرین کے لیے ہیلتھ آئسولیشن کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس بار حاجیوں کو اسمارٹ کارڈ جاری ہوگا۔ نائب وزیر حج نے کہا کہ پچاس برس سے زیادہ عمر کے ایسے ویکسین لگوانے والے افراد کو ترجیحی بنیاد پر حج کا موقع دیا جائے گا جنہوں نے پہلے حج نہ کیا ہو۔اٹھارہ برس سے کم عمر کسی بھی شخص کو حج مقامات پر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘۔نائب وزیر حج نے کہا کہ ’حج کی درخواستیں منظور کرنے کے سلسلے میں خواتین اور مردوں اور قومیت کی بنیاد پر ترجیح نہیں ہوگی ۔ حج مقامات پر کھانے پینے کا الگ سے کوئی انتظام نہیں ہوگا۔ اسی طرح حج مقامات پر افراد و اداروں کی جانب سے خوراک پیکٹ فراہم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں