مقام ابراہیم پر خانہ کعبہ کے عکس کی ایمان پرور تصویر سوشل میڈیاپر وائرل

حرمین شریفین انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ تصویر میں خانہ کعبہ کا عکس مقام ابراہیم پر نمایاں طور پر دیکھا جاسکتا ہے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 30 ستمبر 2021 13:44

مقام ابراہیم پر خانہ کعبہ کے عکس کی ایمان پرور تصویر سوشل میڈیاپر وائرل
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 ستمبر 2021ء )  مقام ابراہیم پر خانہ کعبہ کا عکس بننے کی ایمان پرور تصویر سوشل میڈیاپر وائرل ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق خانہ کعبہ کا عکس اجاگر کرنے والی تصویر سعودی عرب میں حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی ہے ، حرمین شریفین انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ تصویر میں خانہ کعبہ کا عکس مقام ابراہیم پر نمایاں طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔

  حرمین شریفین انتظامیہ کے ٹوئٹر کے اکاؤنٹ پر شیئر کی جانے والی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہے ، تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سورج کی کرنیں مقام ابرہیم پر پڑ رہی ہیں ، جس کے باعث اس کی چمک اور اس میں خانہ کعبہ کا عکس صاف دیکھا جا سکتا ہے۔

چند روز قبل خانہ کعبہ کی چھت کی صفائی کی روح پرور تصاویر بھی جاری کی گئی تھیں ، حرمین شریفین انتظامیہ نے ٹوئٹر پر جاری کردہ تصاویر کے ساتھ بتایا کہ خانہ کعبہ کی چھت کی صفائی کا کام 20 منٹ میں مکمل کیا گیا ، خانہ کعبہ کی چھت کی صفائی کا کام کئی مراحل میں مکمل کیا جاتا ہے ، اللہ کے گھر کی چھت ریکارڈ وقت میں صاف کرائی گئی ، خانہ کعبہ کی چھت کی صفائی کے دوران سب سے پہلے مٹی اور گرد وغبار صاف کیا جاتا ہے ، اس کے بعد غلاف کعبہ ، دیوار اور چھت کے دروازے کی صفائی کا کام جدید مشین کی مدد سے انجام پاتا ہے ، اس مقصد کے لیے جدید آلات منگوائے گئے ہیں تاکہ سنگ مرمر کے معیار کو برقرار رکھا جاسکے۔

(جاری ہے)


اسی طرح خانہ کعبہ کے دروازے اور حجر اسود کے گرد چاندی کے خول کی مرمت اور پالش کا کام انتہائی مہارت سے کیا گیا تو اس کی بھی روح پرور تصاویر سامنے آئیں ، حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے مسجد حرام میں خانہ کعبہ کے دروازے اور حجر اسود کے گرد موجود چاندی کے خول کی مرمت کا کام مکمل کیا گیا ، حرمین انتظامیہ کے عبوری نائب سربراہ ڈاکٹر سعد بن محمد المحیمید نے بتایا کہ مملکت کے بہترین کاریگروں اور فنی تربیت کی حامل ٹیم سے مرمت کا کام کروایا گیا ، اس دوران کعبہ کے دروازے اور حجر اسود کے خول کی مرمت کے علاوہ پالش کا کام بھی انتہائی مہارت سے کیا گیا ہے۔ 
 

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں