کورونا کا زور ٹوٹنے لگا ، عمرہ زائرین کی یومیہ تعداد بڑھا کر 1 لاکھ کردی گئی

حرم مکی میں نمازیوں کی تعداد 60 ہزار کر دی گئی، معذور اور معمر افراد کیلئے خصوصی راستے بھی کھول دئیے گئے، زائرین کے اضافے کے لیے پیشگی تیاریاں بھی مکمل کرلی گئیں

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 1 اکتوبر 2021 11:21

کورونا کا زور ٹوٹنے لگا ، عمرہ زائرین کی یومیہ تعداد بڑھا کر 1 لاکھ کردی گئی
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 اکتوبر 2021ء ) سعودی عرب میں کورونا کا زور ٹوٹنے لگا ، عمرہ زائرین کی یومیہ تعداد بڑھا کر 1 لاکھ کردی گئی ، حرم مکی میں نمازیوں کی تعداد 60 ہزار کر دی گئی، معذور اور معمر افراد کیلئے خصوصی راستے بھی کھول دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر عمرہ زائرین کی تعداد سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے بڑھائی گئی ہے جس کو اب 1 لاکھ افراد یومیہ کردیا گیا ہے ، اسی طرح حرم مکی میں نمازیوں کی تعداد بھی 60 ہزار کر دی گئی ہے تاہم اس کے ساتھ ہی انتظامیہ نے مسجدالحرام میں حفاظتی تدابیراور کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ کورونا وباء کے دوران زائرین کی صحت کی سلامتی اور تحفظ کی صورتحال میں مزید بہتری آنے پر یومیہ بنیادوں پر عمرہ ‏زائرین کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا گیا ہے ، زائرین کے اضافے کے لیے پیشگی تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں جب کہ معذور اور معمر افراد کے لیے مناسک کی ادائیگی میں سہولت کے لیے خصوصی راستے کھول دئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ادھرسعودی عرب کی جانب سے کورونا ویکسین لگوائے بغیر عمرہ ادا کرنے کی واحد صورت بھی بتادی گئی ، سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے کورونا ویکسین لگوانے والوں کو 3 زمروں میں تقسیم کیا ہے ، سب سے پہلے ایسے لوگ ہیں جنہوں نے ویکسین لگوالی ہے اور توکلنا ایپ میں ان کا اسٹیٹس ’2 خوراک لگوانے والے‘ (محصن بجرعتین) درج ہے ، جس کے بعد ایسے شہری جنہوں نے ویکسین کی ایک خوراک لگوائی اس کو 14 روز گزر چکے ہیں، ان کے لیے توکلنا میں (محصن بلجرعہ الاولی) یعنی ’پہلی خوراک لگوانے والے‘ کا اسٹیٹس آتا ہے۔

سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ کے مطابق تیسری قسم ایسے لوگوں کی ہے جو کورونا میں مبتلاء ہونے کے بعد اس سے مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں ، ایپ کی جانب سے انہیں (محصن متعافی) یعنی ’وائرس سے صحت یاب اور محفوظ‘ کا اسیٹس دیا گیا ہے ، تیسری کیٹیگری کے لوگوں کے لیے ویکسی نیشن کی لازمی شرط نہیں ہے ، ان افراد کو عمرہ اجازت نامہ جاری ہوسکتا ہے اور وہ مسجد الحرام میں نماز بھی ادا کرسکتے ہیں۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں