عمرہ و نمازیں ادا کرنے اور مسجد نبوی میں داخلے کے اجازت ناموں کیلئے نئی پابندی عائد

آئندہ منظورشدہ کووِڈ 19 کی کسی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والوں ہی کو عمرے کے اجازت نامے جاری کیے جائیں گے۔ سعودی حکام کا اعلان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 اکتوبر 2021 12:18

عمرہ و نمازیں ادا کرنے اور مسجد نبوی میں داخلے کے اجازت ناموں کیلئے نئی پابندی عائد
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 اکتوبر 2021ء ) سعودی عرب نے آئندہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے عازمین کو عمرے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے مناسکِ عمرہ اور نمازیں ادا کرنے اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں داخلے کے اجازت ناموں کے اجرا پرنئی پابندی عائد کردی گئی ، سعودی حکام نے اعلان کیا ہے کہ منظورشدہ کووِڈ 19 کی کسی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والوں ہی کو عمرے کے اجازت نامے جاری کیے جائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے ایک اعلامیے میں کہا گیا کہ اس نئے فیصلے کا اطلاق اتوار 10 اکتوبرکو شام 6 بجے سے ہوگا ، جس کے تحت مکہ مکرمہ میں المسجدالحرام میں مناسکِ عمرہ اور نمازیں ادا کرنے اورمدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں داخلے کے اجازت ناموں کے اجرا پرنئی پابندی عاید کردی گئی ہے ، اب ان دونوں مقدس مقامات تک صرف ان ہی عازمین اور زائرین کو داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی جنہوں نے مملکت میں منظورشدہ کرونا وائرس کی کسی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا رکھی ہیں اورجن لوگوں کو ویکسین لگوانے سے مستثنی قراردیا گیا ہے، ان کے نام وزارت صحت کی توکلنا ایپلی کیشن پر ظاہر ہونے چاہیئیں۔

(جاری ہے)

وزارت نے واضح کیا کہ جن لوگوں نے پہلے ہی عمرے کے لیے اپنا وقت محفوظ کرالیا ہے انہیں مکہ یا مدینہ میں عمرہ ، نماز یا مناسک ادا کرنے کا اجازت نامہ مل چکا ہے لیکن انہوں نے ابھی تک ویکسین کی دونوں خوراکیں نہیں لگوائی ہیں تو انہیں اپنے اجازت کی تنسیخ سے بچنے کے لیے مقررہ تاریخ سے 48 گھنٹے پہلے اپنی دوسری خوراک لگوانا ہوگی۔ وزارت نے کہا کہ سعودی عرب میں وبائی امراض کی صورت حال میں پیش رفت کے مطابق وبا سے متعلق تمام احتیاطی اورحفاظتی اقدامات کے جاتے ہیں اور یہ مملکت کی پبلک ہیلتھ اتھارٹی ( وقایا ) کی جانب سے مسلسل تشخیص سے مشروط ہیں۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں