حرم مکی کھلنے پر سعودی تاجر کی خوشی کے والہانہ اظہار کی ویڈیو وائرل

سعودی تاجر نے حرم مکی شریف کے کھلنے کی خوشی میں وہاں کام کرنے والے ہر کارکن کے پاس جا کر اُسے پیسوں کے اکرام سے نوازا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 20 اکتوبر 2021 11:42

حرم مکی کھلنے پر سعودی تاجر کی خوشی کے والہانہ اظہار کی ویڈیو وائرل
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 اکتوبر 2021ء ) حرم مکی کھلنے پر سعودی تاجر کی خوشی کے والہانہ اظہار کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق عرب میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سعودی تاجر نے حرم مکی شریف کے کھلنے کی خوشی میں حرم شریف میں کام کرنے والے ہر کارکن کے پاس جا کر اُسے پیسوں کے اکرام سے نوازا ہے ، اس موقع پر تاجر نے تمام ملازمین کی طرف اپنا ہاتھ لہرا کر ان کا شکریہ اور اپنی خوشی کا اظہار بھی کیا۔

                                                                                                                                 
 
خیال رہے کہ سعودی عرب میں عالمی وباء کورونا وائرس کا زور ٹوٹنے پر مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں سماجی فاصلے کی شرط ختم کردی گئی ، خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم علیہ السلام کے گرد لگائے گئے بیریئر بھی ہٹا دیے گئے ، پابندی ہٹانے کا فیصلہ الحرمین الشریفین انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا ، جس کے بعد سماجی فاصلے کے لیےلگائی گئی علامتیں بھی ہٹا دی گئی ہیں اور آج سے مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ میں سماجی فاصلے کے بغیر نمازیں ادا کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں الحرمین الشریفین انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وباء سے قبل کی صفوں کی اصل حالت کو بحال کیا جا رہا ہے ، مسجدالحرام کے صحن مطاف میں بھی سماجی فاصلے کے لیے لگائی گئی علامتیں ہٹا دی گئی ہیں جس کے بعد اب مکمل افرادی گنجائش کے ساتھ نمازیں ادا کی جاسکیں گی ، طواف یا سعی کرنے والوں کے لیے سماجی فاصلے کا اصول ختم کر دیا گیا ہے تاہم ماسک کی پابندی برقرار ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں