12 سال سے کم عمر بچوں کے مسجدالحرام میں داخلے پر پابندی عائد

بارہ سال سے کم عمر بچےعمرہ اور نماز کے اجازت ناموں کی شرائط پر پورا نہیں اترتے۔ سعودی وزارت حج وعمرہ

Sajid Ali ساجد علی منگل 2 نومبر 2021 13:36

12 سال سے کم عمر بچوں کے مسجدالحرام میں داخلے پر پابندی عائد
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 نومبر 2021ء ) سعودی حکومت کی جانب سے 12سال سے کم عمر بچوں کے مسجدالحرام میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ، توکلنا ایپ کے ذریعے بچوں کے عمرے اور نماز کا اجازت نامہ جاری نہیں ہوگا ۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 12سال سے کم عمر بچےعمرہ اور نماز کے اجازت ناموں کی شرائط پر پورا نہیں اترتے ، اس لیے 12سال سے کم عمر بچوں کے مسجدالحرام میں داخلے پر پابندی کی گئی ہے ، آئندہ توکلنا ایپ کے ذریعے ان کے نام سے عمرے اور نماز کا اجازت نامہ جاری نہیں ہوگا جب کہ 12 سال یا زائد عمر کے افراد کو اجازت نامہ ویکسین شرائط کے ساتھ جاری ہوگا اور مؤثر اجازت نامے کے بغیر کسی کو عمرے یا نماز کیلئے داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے سعودی عرب نے آئندہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے عازمین کو عمرے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے مناسکِ عمرہ اور نمازیں ادا کرنے اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں داخلے کے اجازت ناموں کے اجرا پرنئی پابندی عائد کی تھی ، سعودی حکام نے اعلان کیا کہ منظورشدہ کووِڈ 19 کی کسی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والوں ہی کو عمرے کے اجازت نامے جاری کیے جائیں گے۔

سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے ایک اعلامیے میں کہا گیا کہ اس نئے فیصلے کے تحت مکہ مکرمہ میں المسجدالحرام میں مناسکِ عمرہ اور نمازیں ادا کرنے اورمدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں داخلے کے اجازت ناموں کے اجرا پرنئی پابندی عاید کردی گئی ہے ، اب ان دونوں مقدس مقامات تک صرف ان ہی عازمین اور زائرین کو داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی جنہوں نے مملکت میں منظورشدہ کرونا وائرس کی کسی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا رکھی ہیں اورجن لوگوں کو ویکسین لگوانے سے مستثنی قراردیا گیا ہے، ان کے نام وزارت صحت کی توکلنا ایپلی کیشن پر ظاہر ہونے چاہیئیں۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں