خواتین کو رات کے وقت بھی مسجد نبوی میں روضہ مبارک کی زیارت کی اجازت مل گئی

رات کے وقت روضہ مبارک کی زیارت کرنے کی خواہشمند خواتین شمال میں واقع باب عثمان گیٹ نمبر 24 اور جنوب کی طرف سے باب مکہ گیٹ نمبر 37 سے مسجد نبوی میں داخل ہوسکتی ہیں

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 11 نومبر 2021 10:53

خواتین کو رات کے وقت بھی مسجد نبوی میں روضہ مبارک کی زیارت کی اجازت مل گئی
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 نومبر 2021ء ) سعودی عرب میں خواتین کو رات کے وقت بھی مسجد نبوی میں روضہ مبارک کی زیارت کی اجازت مل گئی ۔ عرب میڈیا کے مطابق مسجد نبوی کی انتظامیہ کی جانب سے رات کے وقت خواتین کو روضہ شریف کی زیارت کی اجازت دی گئی ہے ، اس ضمن میں مسجد نبوی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں روضہ مبارک کی زیارت کرنے کی خواہشمند خواتین شمال میں واقع باب عثمان گیٹ نمبر 24 اور جنوب کی طرف سے باب مکہ گیٹ نمبر 37 سے مسجد نبوی میں داخل ہوسکتی ہیں ۔

دوسری طرف کورونا کا زور ٹوٹنے پر 20 ماہ بعد مسجد الحرام اور مسجد نبوی سے تھرمل کیمرے بھی ہٹ گئے ، مملکت میں عالمی وباء کورونا وائرس پر قابو پانے کے بعد سعودی حکام نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں 20 ماہ بعد تھرمل کیمرے ہٹادیئے ہیں ، سعودی حکام کی جانب سے مکمل گنجائش کے تحت زائرین اور نمازیوں کو آنے کی اجازت دینے کے بعد کیمروں کو ہٹایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں سماجی فاصلے کی شرط ختم کردی گئی ، خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم علیہ السلام کے گرد لگائے گئے بیریئر بھی ہٹا دیے گئے ، مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی ﷺ میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے عائد کی گئی سماجی فاصلے کی پابندیاں ہٹا دی گئی ہیں ، پابندی ہٹانے کا فیصلہ الحرمین الشریفین انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا ، جس کے بعد سماجی فاصلے کے لیےلگائی گئی علامتیں بھی ہٹا دی گئی ہیں اور آج سے مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ میں سماجی فاصلے کے بغیر نمازیں ادا کی جائیں گی۔

اس ضمن میں الحرمین الشریفین انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وباء سے قبل کی صفوں کی اصل حالت کو بحال کیا جا رہا ہے ، مسجدالحرام کے صحن مطاف میں بھی سماجی فاصلے کے لیے لگائی گئی علامتیں ہٹا دی گئی ہیں جس کے بعد اب مکمل افرادی گنجائش کے ساتھ نمازیں ادا کی جاسکیں گی ، طواف یا سعی کرنے والوں کے لیے سماجی فاصلے کا اصول ختم کر دیا گیا ہے تاہم ماسک کی پابندی برقرار ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں