کرونا وبا سے پہلے والے دن واپس لوٹ آئے، مسجد الحرام میں سحر انگیز مناظر

سماجی فاصلے کے بغیر نماز کی ادائیگی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، مسجد الحرام کے مطاف، اندرونی صحنوں اور بیرونی صحنوں میں سماجی فاصلے کے سٹیکر ہٹا دیئے گئے

muhammad ali محمد علی منگل 8 مارچ 2022 00:35

کرونا وبا سے پہلے والے دن واپس لوٹ آئے، مسجد الحرام میں سحر انگیز مناظر
مکہ مکرمہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 مارچ 2022ء) کرونا وبا سے پہلے والے دن واپس لوٹ آئے، مسجد الحرام میں سحر انگیز مناظر، سماجی فاصلے کے بغیر نماز ادا کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی مساجد میں کرونا وبا سے پہلے والے دنوں کی واپسی ہو گئی، کرونا پابندیوں میں نرمی کیے جانے کے بعد مسجد الحرام سمیت سعودی عرب کی تمام مساجد میں سحر انگیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

کرونا پابندیوں میں نرمی کے حوالے سے ہفتے کے روز سعودی حکومت کے اعلان کے بعد مسجد الحرام میں سماجی فاصلے کے بغیر نماز کی ادائیگی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔





سماجی فاصلے کی پابندی کے خاتمے کے بعد ہزاروں افراد نماز ادائیگی کیلئے مسجد الحرام پہنچے، جبکہ مسجد الحرام کے مطاف، اندرونی صحنوں اور بیرونی صحنوں میں سماجی فاصلے کے سٹیکرز بھی ہٹا دیئے گئے۔

(جاری ہے)

 جبکہ حرمین شریفین انتظامیہ نے بتایا ہے کہ مسجد الحرام میں اب نماز ادائیگی کیلئے اجازت نامہ حاصل کرنے کی ضرورت بھی نہیں رہی۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے مملکت میں بیشتر کرونا پابندیوں میں نرمی کر دیے جانے کے بعد مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کا رخ کرنے والے عازمین اور شہریوں کیلئے بھی بڑا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی گیزٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے مسجد الحرام میں نماز ادائیگی جبکہ مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کیلئے اجازت نامے کی شرط ختم کر دی ہے۔

تاہم عمرہ کی ادائیگی اور مسجد نبویﷺ میں روضہ میں نماز کے لیے توکلنا اور اعتمرنا کے ذریعے پیشگی اجازت نامے کی شرط برقرار ہے۔ جبکہ جو افراد مسجد الحرام میں نماز ادا کرنا چاہتے ہیں، یا مسجد نبویﷺ کی زیارت کے خواہش مند ہیں ان کیلئے صرف توکلنا ایپ پر ایمیون اسٹیٹس دکھانے کی شرط ہو گی۔ دوسری جانب رمضان المبارک کے دوران عمرہ ادائیگی کیلئے اجازت ناموں کا اجرا بھی شروع کر دیا گیا۔

وزارت حج و عمرہ کے مطابق توکلنا اور اعتمرنا ایپ کے ذریعہ عمرہ اجازت نامہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ ہفتے کے روز سعودی حکومت کی جانب سے کئی اہم فیصلوں کا اعلان کیا گیا تھا۔ خلیجی خبر رساں ادارے عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی حکومت نے مملکت میں نافذ کورونا ایس اوپیز کے حوالے سے عائد پابندیوں میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیا۔ حرمین شریفین اور تمام مساجد میں نماز باجماعت کے لیے سماجی فاصلے کی پابندی ختم کردی گئی ہے تاہم نمازیوں اور عازمین پر عائد ماسک کے استعمال کی شرط بدستور برقرار رکھی گئی ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں