مسجدالحرام و مسجد نبویﷺ میں نماز کیلئے اجازت نامہ کی شرظ ختم

فرزندان توحید کو رمضان المبارک کے آخری عشرے میں دونوں مقدس مقامات میں عبادت کیلئے بڑی سہولت دے دی گئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 22 مارچ 2023 12:20

مسجدالحرام و مسجد نبویﷺ میں نماز کیلئے اجازت نامہ کی شرظ ختم
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 مارچ 2023ء ) سعودی عرب نے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ میں نماز کے لیے اجازت نامے کی شرظ ختم کرتے ہوئے فرزندان توحید کو دونوں مقدس مقامات میں عبادت کیلئے بڑی سہولت دے دی تاہم عمرہ کرنے اور روضہ شریف کی زیارت کے لیے اجازت نامہ لازمی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں نمازیوں کو مکہ کی عظیم الشان مسجدالحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ میں نماز ادا کرنے کے لیے اجازت نامہ لینے کی ضرورت نہیں ہے، یہ وضاحت نمازیوں کے استفسارات کے جواب میں ڈپارٹمنٹ فار بینیفشری کیئر سروس کی طرف سے سامنے آئی۔

بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ اگرچہ دو مقدس مساجد میں نماز کے لیے کسی اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہے لیکن نمازیوں کو کورونا انفیکشن نہیں ہونا چاہیے یا وہ کسی متاثرہ شخص سے رابطے میں نہ رہے ہوں تاہم عمرہ کرنے یا مسجد نبوی ﷺ میں روضہ شریف کی زیارت کے لیے اجازت نامے لازمی ہیں، ان سرگرمیوں کے لیے اجازت نامے نسک یا توکلنا ایپلی کیشنز کے ذریعے حاصل کیے جا سکتے ہیں، بشرطیکہ کورونا وائرس کا کوئی انفیکشن یا متاثرہ فرد سے رابطہ نہ ہو۔

(جاری ہے)

اسی طرح سعودی عرب نے رمضان المبارک میں مرد و خواتین کے روضہ رسولﷺ پر حاضری کے لیے الگ الگ ٹائم کا شیڈول جاری کیا ہے، زیارت کے لیے ’نسک‘ پلیٹ فارم پر رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے جب کہ روضہ اطہر پر حاضری گیٹ 37 کے بالمقابل جنوبی صحن سے ہوگی۔ اس حوالے سے مسجد نبوی ﷺ کے انتظامی امور کی ذمہ دارجنرل پریذیڈنسی نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی آمد کی مناسبت سے تیاریاں تیز کردی ہیں، اس کے تحت ایجنسی نے مسجد نبوی ﷺ میں زائرین اور نمازیوں کے لیے تیار کردہ آپریشنل پلان پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے اور تمام خدمات کو اعلیٰ معیار کے مطابق فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ پریذیڈنسی ایجنسی کی جانب سے رمضان المبارک کے مہینے کے لیے اپنے منصوبے کے تحت مسجد نبوی ﷺ کو 24 گھنٹے زائرین اور نمازیوں کی آمدورفت کے لیے تمام خدمات کے ساتھ تیار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے، رمضان المبارک کے دوران نمازیوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر مسجد نبوی ﷺ کی چھت کو بھی نمازیوں کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ روضہ رسول ﷺ پر حاضری اور وہاں پر نوافل کے اوقات کو "نسک" ایپلی کیشن کے ذریعے منظم کرنے کا کام جاری ہے، روضہ رسول ﷺ پر مرد و خواتین کی حاضری گیٹ نمبر 37 کے بالمقابل جنوبی صحن سے ہوگی، تاہم زائرین کے لیے ’نسک‘پلیٹ فارم پر رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے، روضہ شریف پر یکم رمضان سے 19 رمضان المبارک تک نمازیوں کو جانے کی اجازت ہوگی۔

اس سلسلے میں روضہ اطہر پر حاضری کے لیے مرد و خواتین کے الگ الگ ٹائم کا شیڈول جاری کیا گیا ہے، جہاں مردوں کو رات اڑھائی بجے سے نماز فجر تک اور خواتین کو نماز فجر سے دن گیارہ بجے تک روضہ مبارک پر حاضری کے لیے جانے کی اجازت ہوگی، دن ساڑھے گیارہ سے رات کو نماز عشاء تک مردوں کو روضہ شریف میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی جب کہ اس کے بعد رات دو بجے تک خواتین جا سکیں گی۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں