مسجد نبوی میں گزشتہ روز کی نماز جمعہ کی ویڈیو وائرل

کئی دہائیوں بعد نمازیوں کی انتہائی کم تعداد نے امام صاحب کو آبدیدہ کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 21 مارچ 2020 14:01

مسجد نبوی میں گزشتہ روز کی نماز جمعہ کی ویڈیو وائرل
مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مارچ 2020ء) سعودی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کی خاطر مجبوراً کئی ناپسندیدہ فیصلے لیے ہیں، جن میں سے ایک فیصلہ مملکت بھر کی تمام مساجد میں نمازوں پر پابندی ہے۔ اس فیصلے کے بعد صرف حرم شریفین یعنی مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز ادا کرنے کی اجازت ہے۔ گزشتہ روز مسجد نبوی میں نماز جمعہ ادا کی گئی۔

اس نماز کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ یہ ویڈیو سعودی عرب کے سرکاری مذہبی چینل مباشر کی ہے جو حرمین شریفین میں اذان اور نماز کی ادائیگی کے مناظر لائیو ٹیلی کاسٹ کرتا ہے۔ اس ویڈیو کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ کئی دہائیوں بعد مسجد نبوی میں نماز جمعہ اس طرح ادا کی گئی کہ گنتی لاکھوں میں نہیں، بلکہ سینکڑوں میں تھی۔

(جاری ہے)

ویڈیو میں دیکھا او رسُنا جا سکتا ہے کہ نمازیوں کی کم حاضری نے امام صاحب کو بھی اتنا دُکھی کر دیا کہ دورانِ نماز تلاوت کرتے ہوئے ان کی آواز غم سے رُندھ گئی ۔

یہاں تک کہ ایک موقع پریوں محسوس ہوتا ہے کہ اپنی آنکھوں کی نمی کو ہاتھ سے پونچھ رہے ہیں۔
مباشر چینل کی اس ویڈیو میں مسجد نبوی میں نماز جمعہ ادا کرنے والوں کی صرف دو صفیں دکھائی دے رہی ہیں۔ جس سے پتا چلتا ہے کہ نمازیوں کی تعداد خاصی کم تھی۔نمازیوں سے کھچا کھچ بھری رہنے والی مسجد نبوی میں ایسا منظر لوگوں کو کئی دہائیوں بعد دیکھنے کو مِلا ہے۔

صارفین نے اس ویڈیو کے دیکھنے کے بعد بہت جذباتی کمنٹس کیے ہیں اور دُعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ سعودی مملکت اور دیگر ممالک کو جلد سے جلد کورونا کی وبا سے پاک کر دے۔ تاکہ کعبة اللہ اور مسجد نبوی کی زیارت اور عبادت کو ترس رہے افراد دوبارہ سے یہاں کا رجوع کر سکیں۔ واضح رہے کہ حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ نماز پنجگانہ اور نماز جمعہ کی ادائیگی مسجد نبوی اور مسجد الحرام کے بیرونی صحنوں میں ادا کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

یہ پابندی عارضی طور پر لگائی جا رہی ہے جس کا مقصد کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو ممکنہ حد تک روکنا ہے۔گزشتہ روز جمعة المبارک سے دونوں مقدس مساجد کے بیرونی صحنوں میں نماز ادا کرنے پر پابندی لگائی گئی ہے ۔ یہ پابندی عارضی نوعیت کی ہے ۔ حرمین شریفین کی انتظامیہ کے ترجمان کی جانب سے ٹویٹر اکاؤنٹ پر آگاہ کیا گیا ہے کہ نمازیوں کو دونوں مساجد کے بیرونی صحنوں میں نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

تمام زائرین اور نمازیوں کو چاہیے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، تاکہ کورونا وائرس کی وبا کو موثر طور پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔گزشتہ روز نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد نبوی کے کمپلیکس میں جراثیم کش ادویہ کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ زائرین کے لیے آب زم زم کا بھی بندوبست تھا۔حرمین شریفین کی انتظامیہ نے مسجد نبوی شریف میں حفاظتی اور احتیاطی اقدامات کی سطح کو مزید بلند کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں مسجد نبوی کے اندر جراثیم کش مواد کے ساتھ صفائی کا عمل بڑھا دیا گیا ہے۔ جدید ترین آلات اور مشینوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ مسجد نبوی میں پانی کے کولروں ، گلاسوں اور قالینوں کو دن بھر میں دس مرتبہ صاف کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح نماز کے لیے بچھے قالینوں کی صفوں کے درمیان 1.5 میٹر کا فاصلہ کر دیا گیا ہے تا کہ امراض کے پھیلاوٴ پر روک لگائی جا سکے۔

مسجد نبوی کے فرش کو جراثیم کش اور خوشبو دار مواد کے ذریعے روزانہ چھ مرتبہ دھونا، توسیع کے علاقوں میں داخلی راستوں پر جراثیم کش مواد کا چھڑکاوٴ، نمازیوں کی صفوں کے قالینوں کے درمیان فاصلہ پیدا کرنا اور مسجد کے اندر ایئر کنڈیشنر کی جالیوں اور روشن دانوں کی خصوصی صفائی شامل ہے۔حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے مسجد حرام اور مسجد نبوی کو جراثیم سے پاک رکھنے اور ان کی تطہیر کے لیے 3500 اہل کار مامور کیے ہیں۔


مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں