سعودی عرب کا مدینہ منورہ میں جدید میڈیکل ٹاور اور ہسپتال بنانے کا اعلان

300 بستروں پر مشتمل یہ میڈیکل ٹاور اور ہسپتال کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز روڈ پر 18 ہزار مربع میٹر سے زیادہ بڑے رقبے پر تعمیر کیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 26 نومبر 2021 13:48

سعودی عرب کا مدینہ منورہ میں جدید میڈیکل ٹاور اور ہسپتال بنانے کا اعلان
مدینہ منورہ ( اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 نومبر 2021ء ) سعودی عرب نے مدینہ منورہ میں 300 بستروں پر مشتمل میڈیکل ٹاور اور ہسپتال قائم کرنے کا اعلان کردیا ۔ اُردو نیوز نے اخبار 24 کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ میڈیکل ٹاور اور ہسپتال کے قیام کے لیے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان کی سربراہی میں حتمی منصوبے پردستخط کردیے گئے ہیں ، میئر مدینہ انجینیئر فہد البلیھشی اور ڈاکٹر سلیمان الحبیب میڈیکل سروسز گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر سلیمان الحبیب نے معاہدے پر دستخط کیے ، میڈیکل ٹاور اور ہسپتال کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز روڈ پر 18 ہزار مربع میٹر سے زیادہ بڑے رقبے پر تعمیر کیا جائے گا ، جس کے لیے مدینہ میونسپلٹی نے پلاٹ لیز پر فراہم کیا ہے ۔

بتایا گیا ہے کہ یہ میڈیکل ٹاور 10 منزلہ ہوگا جس کی لیز کا عرصہ 50 سال مقرر کیا گیا ہے ، اس میڈیکل ٹاور اور ہسپتال میں بچوں اور بڑوں کو ایمرجنسی اور انتہائی نگہداشت کی سہولت فراہم کی جائے گی ، جہاں دل کے امراض اور آپریشن کی جدید ترین سہولتیں بھی مہیا ہوں گی جب کہ زچہ بچہ کے علاج اور آپریشن کا انتظام ہو گا ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سعودی عرب کی کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سائنسدانوں نے تاریخی کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے ایک ایسا وینٹی لیٹر بنایا ہے جو ہوا سے آکسیجن جذب کرتا ہے اور مریض کی ضرورت کے تحت آکسیجن کی مقدار میں کمی بیشی کرتا رہتا ہے ، اس وینٹی لیٹر کو ہر وقت آکسیجن سلنڈر یا سینٹرل آکسیجن سپلائی سسٹم سے منسلک رکھنے کی ضرورت نہیں پڑتی بلکہ یہ اپنے اطراف کی ہوا جذب کرکے اس میں سے آکسیجن الگ کرکے مریض کو فراہم کرتا ہے۔

اس کے علاوہ اس وینٹی لیٹر میں خصوصی قسم کے سینسرز اور مصنوعی ذہانت والا مؤثر نظام لگایا گیا ہے جس کو استعمال میں لاتے ہوئے یہ مریض کی دھڑکنوں اور سانس کی رفتار میں ہونے والی تبدیلیوں پر بھی مسلسل نظر رکھتا ہے اور ان کی بنیاد پر مریض کو درکار آکسیجن کی مقدار میں بھی کمی بیشی کرتا ہے۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں