مملکت میں خواتین کو طلاق واقع ہونے کی اطلاع SMS کے ذریعےملے گی

ازدواجی حیثیت کی تبدیلی کی اطلاع سے متعلق نیا نظام جاری کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 7 جنوری 2019 16:49

مملکت میں خواتین کو طلاق واقع ہونے کی اطلاع SMS کے ذریعےملے گی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 جنوری 2019ء) وزارت عدل نے آج کے روز سے نیا نظام متعارف کروا دیا گیا ہے جس کے تحت خواتین کو اُن کی ازدواجی حیثیت میں تبدیلی کی اطلاع SMS کے ذریعے دی جائے گی۔ یہ اقدام وزیرِ انصاف اور سُپریم جوڈیشل کونسل کے صدر ڈاکٹر ولید السلمانی کی ہدایات کی روشنی میں اُٹھایا گیا ہے۔اس نئے نظام کے بعد مملکت میں مقیم خواتین کووزارت کے ای پورٹل کے ذریعے اپنی طلاق یا خُلع کے معاملے سے فوری طور پر آگاہی ہو جائے گی۔

جن خواتین کی طلاق کے معاملات عدالت میں ہوں گے، اُن کے نمبر کا اندراج ابشر سسٹم میں ہو جائے گاجس کے بعد عدالت متعلقہ خاتون کو اُن کے موبائل نمبرز پر ٹیکسٹ میسج بھیج کر مطلع کر دے گی کہ اُن کی طلاق واقع ہو گئی ہے۔ اس میسج میں طلاق لینے والی خاتون کو بتایا جائے گا کہ اُس کی طلاق سے متعلقہ کتنے نوٹس موصول ہو چکے ہیں اور انہیں کس عدالت نے جاری کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وزارت کی جانب سے مملکت بھر کی تمام عدالتوں کو سرکلر بھیجا گیا کہ وہ اس نئی سہولت کو فوری طور پر شروع کر دیں۔ وزارت کی جانب سے سروسز کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے دِن رات کام ہور ہا ہے۔ ایس ایم ایس کے ذریعے طلاق کی آگاہی بھی اسی منصوبے میں اہم سنگِ میل ہے۔ وزارت عدل کے مطابق کوئی بھی خاتون وزارت کے ای پورٹل ناجز (https://najiz.moj.gov.sa) پر اپنی ازدواجی حیثیت چیک کر سکتی ہیں۔

اس کے علاوہ متعلقہ خواتین ذاتی طور پر عدالت کے شعبہ خواتین سے رابطہ کر کے یا کورٹ کے سربراہ کے دفتر سے اپنی طلاق سے متعلق کاغذات حاصل کر سکتی ہیں۔ وزارت نے نیشنل انفارمیشن سنٹر کے تعاون سے الیکٹرانک لِنک سروس شروع کی ہے جہاں پر نکاح کی آن لائن رجسٹریشن کی جائے گی ۔ جس کے بعد میاں بیوی کے تبدیل شدہ ازدواجی سٹیٹس کا اندراج خود کار طریقے سے ابشر سسٹم میں بھی ہو جائے گا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں