اردن کے ولی عہد کی سعودی اہلیہ شہزادی رجوہ کے والد کا انتقال ہوگیا

مرحوم کا شمار سعودی عرب کی نمایاں شخصیات میں ہوتا تھا، سوگواران میں 4 بچے شامل ہیں

Sajid Ali ساجد علی پیر 19 فروری 2024 13:38

اردن کے ولی عہد کی سعودی اہلیہ شہزادی رجوہ کے والد کا انتقال ہوگیا
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 فروری 2024ء ) اردن کے ولی عہد کی سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی اہلیہ شہزادی رجوہ کے والد کا انتقال ہوگیا۔ العربیہ نیوز کے مطابق اردن کے ولی عہد کی اہلیہ شہزادی رجوہ الحسین کے والد خالد بن مساعد بن سیف بن عبدالعزیز السیف اتوار کے روز دار فانی سے کوچ کرگئے، اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم کے حکم سے شاہی دیوان نے شاہی ہاشمی کورٹ میں مرحوم کے لیے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا، شاہی دیوان نے دکھ کی اس گھڑی میں شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین، شاہی خاندان، متوفی کے خاندان اور السیف فیملی سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

بتایا گیا ہے کہ مرحوم سعودی خالد بن مساعد بن سیف بن عبدالعزیز السیف 1953ء میں پیدا ہوئے، ان کی شادی عزہ بنت نائیف سے ہوئی، جن سے ان کے 4 بچے فیصل، نایف، دانا اور شہزادی رجوہ ہیں جب کہ السیف خاندان کی ابتداء سبائی قبیلے سے ہوئی جو شاہ عبدالعزیز کے دور کے آغاز سے ہی نجد کے شہر سدیر میں العطار قصبے کے شیخ ہیں، سبیع قبیلے کا شمار ان سب سے بڑے قبیلوں میں ہوتا ہے جو سعودی عرب کے کئی علاقوں میں آباد ہوئے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اس قبیلے میں سے ایک گروہ العطار میں مقیم تھا، العطار کے شہزادے سیف خاندان سے تھے جب کہ شہزادی رجوہ کے والد نے بیروت کی امریکن یونیورسٹی سے سول انجینئرنگ کی ڈگری کے ساتھ گریجویشن مکمل کی، جس کے بعد انہوں نے السیف کنٹریکٹنگ انجینئرز کمپنی کی بنیاد رکھی جس شمار اس وقت مملکت کی سب سے بڑی کنٹریکٹنگ کمپنیوں میں ہوتا ہے، اس کے علاوہ بھی ان کی کئی دیگر کمپنیاں مختلف شعبوں میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں