سعودی عرب سیاحتی شعبے میں سرفہرست قرار

رخصت ہوتی سردیوں کا پروگرام سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 17 فروری 2024 12:10

سعودی عرب سیاحتی شعبے میں سرفہرست قرار
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 فروری 2024ء ) سعودی عرب کو سیاحتی شعبے میں سرفہرست قرار دیا گیا ہے اور ممکت میں رخصت ہوتی سردیوں کا پروگرام سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی سیاحت کی فہرست میں سعودی عرب گزشتہ 4 سال سے بین الاقوامی سیاحت میں سرفہرست ہے، گزشتہ سال 2019ء کے مقابلے میں مشرق وسطیٰ میں سیاحوں کی تعداد میں 122 فیصد اضافہ ہوا، اس سلسلے میں سعودی عرب کے سیاحت کے شعبے کی کامیابی کو کلیدی حیثیت حاصل ہے، سیاحت کے شعبے کی کامیابیاں مملکت کو عالمی سیاحت کا مرکز بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔

بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے سیاحتی مقامات پر مقامی اور عالمی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا، 2023ء میں سعودی عرب میں سیاحوں کی تعداد 2019ء کے مقابلے میں 56 فیصد زیادہ رہی، 2023ء کے پہلے 9 ماہ میں غیرملکی سیاحوں نے سعودی عرب کے مختلف سیاحتی مقامات پر ریکارڈ 100 ارب ریال خرچ کیے، سعودی عرب میں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ سعودی سیاحت کی کشش اور تنوع کی نشاندہی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب میں سردیوں کے اختتام کی مناسبت سے سیاحوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دیا گیا جس نے شاندار کامیابی حاصل کرلی، سعودی ٹورازم اتھارٹی کے تحت پروگرام روح قبل لا یروح در اصل ایک تشہیری مہم ہے جس کا آغاز کیا گیا، اس مہم میں سردیوں کے موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے لوگوں کو سفر کی ترغیب دی گئی ہے، سعودی موسم سرما کے آخری مہینے کی مناسبت سے مخصوص سیاحتی مقامات کو پیش کیا گیا۔

بتایا جارہا ہے کہ سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے مختلف پروگراموں کا انعقاد بھی کیا گیا ہے، اس مہم میں کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں یوم تاسیس، ریاض سیزن، العلا مومنٹس، درعیہ سیزن، فارمولا ون اور لمحات کی دنیا کے نام سے سرگرمیاں رکھی گئی ہیں، اس کے علاوہ بھی بہت سی خصوصی پیشکشیں کی گئی ہیں جو مملکت کے تمام خطوں سے آنے والوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہی ہیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں