سعودیہ میں ایک ہفتے میں 19 ہزار سے زائد غیرقانونی تارکین گرفتار

غیر قانونی طریقے سے مملکت سے باہر سرحد عبور کرنے کی کوشش کرتے ہوئے تقریباً 193 افراد کو پکڑا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 جنوری 2024 15:54

سعودیہ میں ایک ہفتے میں 19 ہزار سے زائد غیرقانونی تارکین گرفتار
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 جنوری 2024ء ) سعودی عرب نے ایک ہفتے کے اندر 19 ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کرلیا۔ سعودی گزٹ کے مطابق گرفتار کیے جانے والوں میں ریزیڈنسی قانون کی خلاف ورزی والے 11 ہزار 427، بارڈر سکیورٹی قانون کی خلاف ورزی میں ملوث 4 ہزار 697 اور لیبر قانون کی 3 ہزار 197 خلاف ورزی کرنے والے شامل ہیں، یہ گرفتاریاں 18 جنوری سے 24 جنوری 2024ء کے دوران سکیورٹی فورسز اور متعلقہ سرکاری ایجنسیوں کی مشترکہ فیلڈ سکیورٹی مہمات کے دوران کی گئیں۔

بتایا گیا ہے کہ اس عرصہ میں سرحد پار کرکے مملکت میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار ہونے والے افراد کی کل تعداد 1 ہزار 070 رہی، جن میں 31 فیصد یمنی، 67 فیصد ایتھوپیا کے شہری اور 2 فیصد کا تعلق دوسری قومیتوں سے تھا، غیر قانونی طریقے سے مملکت سے باہر سرحد عبور کرنے کی کوشش کرتے ہوئے تقریباً 193 افراد کو گرفتار کیا گیا، رہائش، کام اور سرحدی سلامتی کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو نقل و حمل، پناہ دینے اور ملازمت دینے میں ملوث 11 افراد کو بھی پکڑا گیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ان لوگوں کی کل تعداد جو اس وقت خلاف ورزیوں کے لیے قانونی طریقہ کار کے مختلف مراحل سے گزر رہے ہیں 55 ہزار 756 غیر ملکیوں تک پہنچ چکی ہے، جن میں 50 ہزار 489 مرد اور 5 ہزار 267 خواتین شامل ہیں، اس کے علاوہ 49 ہزار 553 خلاف ورزی کرنے والوں کو سفری دستاویزات کے حصول کے لیے ان کے سفارتی مشنوں کو بھیجا گیا جب کہ 1 ہزار 108 خلاف ورزی کرنے والوں کو سفری انتظامات مکمل کرنے کے لیے بھیجا گیا، اس کے علاوہ 10 ہزار 537 خلاف ورزی کرنے والوں کو ملک بدر کردیا گیا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں