سعودی عرب نے مقامی طور پر اسمبل شدہ نیا ’ہاک جیٹ‘ لانچ کردیا

یہ پہلا لڑاکا طیارہ ہے جس کے اجزاء مملکت میں جمع کرنے کے بعد اس کو مکمل طور پر سعودی عرب میں اسمبل کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 5 فروری 2024 15:54

سعودی عرب نے مقامی طور پر اسمبل شدہ نیا ’ہاک جیٹ‘ لانچ کردیا
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 فروری 2024ء ) سعودی عرب نے مقامی طور پر اسمبل شدہ نیا لڑاکا طیارہ ’ہاک جیٹ‘ لانچ کردیا، سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ہاک طیاروں کے بیڑے کی نئی شناخت کا افتتاح اس کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر کیا۔ مملکت کی سرکاری نیوز ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ہاک جیٹ ٹی 165 لڑاکا طیارہ 25 مقامی کمپنیوں اور سعودی نوجوانوں کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے، اس طیارے کے 3 ہزار 114 پرزوں کو مکمل طور پر سعودی عرب میں تیار کیا گیا اور مملکت کا یہ پہلا لڑاکا طیارہ ہے جس کے پارٹس کو مکمل طور پر سعودی عرب میں جمع کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں جاری عالمی دفاعی نمائش کے دوران ہاک جیٹ کی لانچنگ کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے، وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کو ناصرف ہاک جیٹ ٹی 165 کی تیاری کے حوالے سے بریفنگ دی گئی بلکہ انہیں سعودی اور برطانوی دفاعی تعاون پروگرام سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ کنگ عبد العزیز ایئر بیس میں طیاروں کی تیاری کے مرکز میں بننے والے 10 طیارے سعودی رائل ایئر فورس کے حوالے کیے جائیں گے، تقریب کے اختتام پر وزیر دفاع نے طیارے پر اپنے دستخط ثبت کیے اور نمایاں کارکردگی پر ٹیم کو تعریفی اسناد دیں۔

سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ "مجھے جدید ترین جدید جیٹ طیارہ ہاک ٹی 165 کا افتتاح کرتے ہوئے خوشی ہوئی جسے مکمل طور پر سعودی ہاتھوں سے مملکت میں اسمبل کیا گیا، یہ کامیابی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے فوجی صنعتوں کے شعبے میں ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مقامی بنانے کے وژن کی کامیابیوں کو ظاہر کرتی ہے، مجھے سعودی ہاک جیٹ کے بیڑے کے لیے اس کے قیام کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر نئی شناخت شروع کرنے پرخوشی ہے"۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں