سعودی عرب میں رمضان المبارک سے متعلق مساجد کیلئے ضوابط جاری

مسجد میں اعتکاف کی اجازت دینا امام مسجد کا اختیار ہوگا، امام یا نمازیوں کی تصویر بنانے اور نمازوں کی ریکارڈنگ کسی بھی میڈیا پر نشر نہ کی جائے۔ وزارت اسلامی امور

Sajid Ali ساجد علی بدھ 21 فروری 2024 14:50

سعودی عرب میں رمضان المبارک سے متعلق مساجد کیلئے ضوابط جاری
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 فروری2024ء ) سعودی عرب میں رمضان المبارک کے حوالے سے مساجد کیلئے ضوابط جاری کردیئے گئے، جس کے تحت مسجد میں اعتکاف کی اجازت دینا امام مسجد کا اختیار ہوگا۔ اُردو نیوز کے مطابق سعودی خبر رساں ادارے ’ایس پی اے‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ سعودی وزارت اسلامی امور نے رمضان المبارک میں مساجد کے لیے ضوابط اور تعلیمات جاری کی ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد میں موجود کیمروں کے ذریعے امام یا نمازیوں کی تصویر بنانے اور نمازوں کی ریکارڈنگ کسی بھی میڈیا پر نشر نہ کی جائے، رمضان المبارک کے دوران عشاء کی اذان ام القریٰ کیلنڈر کے اوقات مطابق دی جائے، فجر اورعشا میں اذان اوراقامت کے درمیان 10 منٹ کا وقفہ دیا جائے تاکہ نمازیوں کو سہولت ہو، بقیہ نمازوں میں پہلے سے مقرر کردہ دورانیے پر ہی عمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ وزارت نے رمضان المبارک کے دوران مساجد میں چندہ جمع کرنے اور مسجد کے اندر افطار کا اہتمام کرنے سے منع کرتے ہوئے زور دیا کہ افطار کے دسترخوان مساجد سے ملحقہ مخصوص جگہوں پر لگائے جائیں تاکہ مساجد کی صفائی متاثر نہ ہو، مساجد کے آئمہ تروایح میں لوگوں کا خیال کریں اور آخری عشرے میں تہجد کی نماز جلد ادا کریں تاکہ سحری کے لیے کافی وقت ہو۔ بتایا گیا ہے کہ وزارت کی جانب سے آئمہ کو رمضان المبارک کے دوران فرض نمازوں کے بعد روزوں کے احکام و آداب اور رمضان کے فضائل وغیرہ کے موضوعات پر درس دینے کی تلقین بھی کی گئی ہے، مساجد کی دیکھ بھال اور صفائی پر زور دیا گیا ہے اور خواتین کے مصلوں کی تیاری کا بھی حکم دیا ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں