پاکستان آرمی اور رائل سعودی لینڈ فورسز کی مشترکہ عسکری مشقیں

شرکاء نے مشترکہ بیٹل پی ٹی، چھو ٹے پیمانے پر آپریشنز، روم کلیئرنس کی ٹریننگ کی، نزدیک سے نشانہ بازی، فائرنگ اور رپیلنگ کیساتھ جدید مشق ہوئی، مشقوں میں کوبرا ہیلی کاپٹروں نے بھی حصہ لیا۔ آئی ایس پی آر

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 فروری 2024 13:49

پاکستان آرمی اور رائل سعودی لینڈ فورسز کی مشترکہ عسکری مشقیں
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 فروری 2024ء ) پاکستان آرمی اور رائل سعودی لینڈ فورسز کی جانب سے جنوبی پنجاب کے علاقہ مظفرگڑھ میں واقع فیلڈ فائرنگ رینج میں مشترکہ فوجی ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا۔ عرب نیوز کے مطابق پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملتان کور کے زیر اہتمام پاکستان فوج اور رائل سعودی لینڈ فورسز نے مشترکہ عسکری ٹریننگ کی، دونوں افواج نے بھرپور طریقے سے تربیت میں حصہ لیا اور نہایت خوش اسلوبی اور بھرپور جذبے کے ساتھ ٹریننگ سے مستفید ہوئے، یہ تربیتی مشقیں دونوں فورسز کے لیے اپنی طاقتوں کو ہم آہنگ کرنے اور عسکری مہارت کا تبادلہ کرنے میں مددگار ثاب ہوں گی اور تجربات کے ذریعے اپنی فوجی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ایک منفرد ذریعہ فراہم کریں گی۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس تربیتی پروگرام میں مشترکہ بیٹل پی ٹی، چھو ٹے پیمانے پر آپریشنز، روم کلیئرنس کی مشق کی گئی، علاوہ ازیں نزدیک سے نشانہ بازی، فائرنگ اور رپیلنگ کے ساتھ ساتھ جدید مشقیں بھی کی گئیں، ان مشقوں میں کوبرا ہیلی کاپٹروں نے بھی حصہ لیا، دونوں فورسز نے دہشت گردی کے تناظر میں ہیلی کاپٹر سے ماؤنٹنگ اور ڈس ماؤنٹنگ کی مشقوں پر عبور حاصل کرنے کے لیے سخت ٹریننگ بھی کی۔

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط دفاعی تعلقات اور دوطرفہ سکیورٹی تعاون ہے، دونوں ممالک باقاعدگی سے مشترکہ فضائی، بری اور بحری مشقتیں کرتے ہیں، اس مقصد کے لیے مملکت سے متعدد کیڈٹس فوجی تربیت کے لیے پاکستان آتے ہیں، گزشتہ ماہ رائل سعودی لینڈ فورسز اور پاکستان فوج نے اوکاڑہ میں مشترکہ مشق کی تھی، جنوری میں ہی پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی فورم کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعاون اور تمام شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں