طائف: غیر مُلکی کارکن گھر بیٹھے بیٹھے حادثے کا شکار ہو گیا

ایک پہاڑی چٹان کا ٹکڑا کمرے کی چھت پھاڑ کر اُس کے ہاتھ پر آ گرا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 3 جنوری 2019 12:35

طائف: غیر مُلکی کارکن گھر بیٹھے بیٹھے حادثے کا شکار ہو گیا
طائف(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 جنوری 2019ء) کہا جاتا ہے کہ جب مصیبت آنی ہوتی ہے تو جتنی مرضی احتیاط کر لو، جتنی مرضی دیواروں میں خود کو بند کر لو، وہ آ کر ہی رہ جاتی ہے۔ اسی طرح حادثات کا بھی یہی معاملہ ہے جب کوئی حادثہ رُونما ہونا ہو تو وہ گھر کے بستر پر آرام کرتے کرتے بھی ہو کر رہتا ہے۔ ایسا ہی کچھ ایک غیر مُلکی کارکن کے ساتھ ہوا۔ روزگار کی غرض سے مقیم غیر مُلکی القضا کے پہاڑی علاقے کے ایک مکان میں رہائش پذیر تھا۔

یہاں سے 200 میٹر کی دُوری پر ایک ٹھیکے دار کی جانب سے پہاڑوں کی چٹانوں کو توڑنے کا کام کیا جا رہا تھا جو کہ گزشتہ ایک برس سے جاری تھا۔ اچانک ایک چٹان کا ٹُکڑا ٹوٹ کر لُڑھکنے لگا اور 200میٹر نیچے وادی میں موجود ایک مکان کی چھت کو پھاڑتا ہوا وہاں اپنے بستر پر آرام کر رہے غیر مُلکی کارکن پر جا گرا۔

(جاری ہے)

اس ناگہانی واقعے میں غیر مُلکی کی جان تو بچ گئی تاہم اُس کا ہاتھ ٹُوٹ گیا ہے۔

زخمی کارکن کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق پتھر لگنے اُس کے ہاتھ کی ہڈیاں چُور چُور ہو گئی ہیں۔ اس واقعے پر غیر مُلکی کے کفیل نے سیخ پا ہوتے ہوئے کہا کہ ٹھیکے دار کی جانب سے کام سُست روی کا شکار ہے۔ اس لیے ایک سال سے اُوپر کا وقت ہو گیا ہے۔یہاں کے لوگ بہت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ گرد و غبار نے اُن کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ اکثر اُوپری پہاڑیوں سے کوئی نہ کوئی پتھر کا بڑا ٹُکڑا نیچے آ گرتا ہے۔ جس کے باعث مکینوں کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ کئی گاڑیوں اور مکانوں کو چٹانوں کی توڑ پھوڑ کے باعث شدید نقصان پہنچا ہے۔

متعلقہ عنوان :

طائف میں شائع ہونے والی مزید خبریں